افغانستان میں جبری قبضہ قبول نہیں کریں گے، پاکستان کے مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف کا دوٹوک اعلان

افغانستان میں جبری قبضہ قبول نہیں کریں گے، پاکستان کے مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر ...
افغانستان میں جبری قبضہ قبول نہیں کریں گے، پاکستان کے مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف کا دوٹوک اعلان

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان، افغانستان میں جبری قبضہ قبول نہیں کرے گا اور جنگ زدہ ملک میں صرف سیاسی حل کی حمایت کرتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے امریکی انتظامیہ کے ساتھ ہفتہ بھر سے جاری مذاکرات کو سمیٹتے ہوئے واشنگٹن ڈی سی میں قائم پاکستان کے سفارت خانے میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم طاقت کے بل بوتے پر قبضہ قبول نہیں کریں گے،افغانستان کے مسئلے کا واحد حل سیاسی ہے،ہم نے یہ واضح کردیا ہے کہ ہم اس معاملے میں عالمی برادری کے ساتھ ہیں وہ جہاں جانا چاہے لیکن دنیا کو بھی واضح ہونے کی ضرورت ہے کہ امریکا سیاسی حل کے لیے کام کرتا ہے۔

ڈاکٹرمعید یوسف نے کہاکہ پاکستان کے خلاف افغان حکومت کے اشتعال انگیز رویے سے ہمسائیوں کے درمیان اچھے تعلقات قائم رکھنا ناممکن ہو رہا ہے،ہمیں اس بات پر بہت تشویش ہے کہ افغان حکومت جان بوجھ کر پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کر رہی ہے، افغانستان اپنی تمام ناکامیوں کو اسلام آباد پر ڈالنا چاہتا ہے،پاکستان چاہتا ہے کہ افغان حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں لیکن بدقسمتی سے وہاں سے ہونے والی اشتعال انگیزی سے یہ ناممکن ہو رہا ہے۔

افغان حکومت اور طالبان پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں فریق لچک دکھائیں اور پرامن حل پر متفق ہوجائیں جیسا کہ امریکی فوجی انخلا سے انتہاپسند تیزی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، کابل کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کو عسکری فتح کی تلاش سے گریز کرنے کی ضرورت ہے اور مستقبل میں کسی قسم کے مذاکرات میں وسیع پیمانے پر افغانوں کو شامل کرے، زمینی حقائق کے مطابق کچھ سمجھوتا کرنا ہوگا لیکن کشیدگی روک دینی ہوگی۔

ڈاکٹرمعید یوسف نے بتایا کہ ان کے امریکی ہم منصب جیک سولیوین اور صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ کے دیگر عہدیداروں نے پاکستان نے کوئی خاص درخواست نہیں کی لیکن اس معاملے پر بات کی کہ کس قدر جلدی ہم ان تمام فریقین کو دیانت دارانہ مذاکرات کے لیے ایک کمرے میں بٹھا سکتے ہیں۔انہوں نے اس تاثر کو بھی رد کردیا کہ اسلام آباد کا مذاکرات میں طالبان کی طرف جھکاؤ ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس جتنا اثر و رسوخ تھا اس کو استعمال کرچکے ہیں اور اشارہ دیا کہ پاکستان طالبان کو دوحہ میں افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اب فوج کے انخلا کے بعد منطقی طور پر مزید اثر ختم ہوچکا ہے، پاکستان مزید افغان مہاجرین کی میزبانی کی پوزیشن میں نہیں ہیں جبکہ اس وقت 35 لاکھ مہاجرین ملک میں موجود ہیں، ہمارے لیے افغانستان میں امن پر کوئی سمجھوتا نہیں، ہم کسی صورت عدم استحکام نہیں دیکھ سکتے کیونکہ ماضی میں اس کا ملبہ پاکستان پر پڑا ہے۔

مزید :

قومی -