وزیر اعلیٰ سے نوابزادہ فرید صلاح الدین کی قیادت میں وفد کی ملاقات

وزیر اعلیٰ سے نوابزادہ فرید صلاح الدین کی قیادت میں وفد کی ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے ضلع مانسہرہ سے رکن صوبائی اسمبلی نوابزادہ فرید صلاح الدین کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی اور مانسہرہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق اْمور پرتبادلہ خیال کیا۔  وفد کے دیگر اراکین میں تحصیل چیئرمین اوگی نوابزادہ حسام اور تحصیل دربند کے چیئرمین دلبر خان اور دیگر علاقہ عمائدین شامل تھے۔ اس موقع پر تحصیل دربند کے آزاد حیثیت میں منتخب چیئرمین دلبر خان نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی۔ وزیراعلیٰ نے نو منتخب چیئرمین کو پارٹی کیپ اور مفلر پہنائے اور پارٹی میں خوش آمدید کہا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف حکومت نے اپنے منشور کے مطابق صوبے میں بلدیاتی انتخابات منعقد کرکے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا ایک اور وعدہ پورا کیا۔ اْنہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کا بلدیاتی نظام ایک بااختیار اور مضبوط نظام ہے جو عوامی مسائل کو مقامی سطح پر حل کرنے اورلوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں انتہائی مدد گار ثابت ہوگا اور درپیش مسائل اْن کی دہلیز پر حل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے تحصیل چیئرمین پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کے مسائل کے فوری حل اور اْنہیں زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں خلوص نیت اور لگن کے ساتھ کام کرکے عوامی نمائندگی کا حق ادا کریں۔  دریں اثناء، وزیر اعلیٰ محمود خان سے صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کی قیادت میں ضلع  شانگلہ کے ایک وفد نے بھی ملاقات کی اور یونین کونسل ملک خیل سے سابق ناظم شیر باچا اور دیگر نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی۔ وزیر اعلی نے شیر باچا کو پارٹی ٹوپی اور مفلر پہنائے اور پارٹی  میں شامل ہونے والے سیاسی رہنماؤں کو پارٹی میں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی عام لوگوں کی پارٹی ہے جس میں کارکنوں کی بھر پور قدر ہے اور ہم سب پارٹی کے ادنیٰ کارکن ہیں اور ایک قومی کاز کے لئے عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔پی ٹی آئی کی عوامی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور ملک بھر کے عوام عمران خان کے بیانیے کی حمایت کر رہے ہیں،عمران خان 22 کروڑ عوام کی امیدوں کا واحد مرکز ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ چیئرمین عمران خان کے وڑن کے مطابق صوبائی حکومت نے صوبے میں ایک با اختیار بلدیاتی نظام قائم کیا ہے۔عوامی مسائل کے حل کے سلسلے میں صوبائی حکومت منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی۔ 

مزید :

صفحہ اول -