دنیاوی سیاست کی وجہ سے مذہبی اور دینی جماعتوں نے اپنا مشن چھوڑ دیا ہے: مولانا حامد الحق حقانی 

دنیاوی سیاست کی وجہ سے مذہبی اور دینی جماعتوں نے اپنا مشن چھوڑ دیا ہے: مولانا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       نظام پور (نمائندہ پاکستان)جمعیت علما اسلام پاکستان کے مرکزی امیر مولانا حامد الحق حقانی نے کہا ہے کہ اس وقت دینی سیاست کے حوالے سے مذہبی اور دینی جماعتوں نے اپنا مشن چھوڑدیا ہے،ہمارا اصل مقصد پاکستان میں شریعت کے مقدس نظام کو نافذ کرنے کے لئے جدوجہد کرنی ہے۔ تمام دینی سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اپنے دائرہ کار میں رہ کر اپنا مثبت کردار ادا کرے،مولانا حامد الحق حقانی نے کہا کہ باہمی جھگڑوں اور الزام تراشیوں کی وجہ سے ہمارے قومی ادارے،عدالت، فوج،حکومت اور سیاستدان متنازع بنتے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اکوڑہ خٹک میں جمعیت علما اسلام کے مرکزی مجلس شوری کے اہم انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں مرکزی مجلس شوری نے مولانا حامد الحق حقانی کو آئندہ پانچ سال کے لئے بلامقابلہ امیر منتخب کیا، اسی طرح مولانا سید یوسف شاہ سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے۔ اجلاس میں ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی،پیٹرول،ڈیزل اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں روزبروز اضافہ کی شدید مذمت کی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ تمام تر توجہ عوام کے روز مرہ مسائل پر دیں اور بیرونی دبا سے نکل کر ملک کومسائل کی دلدل سے نکالیں، اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ بلوچستان،خیبرپختونخوااور جنوبی پنجاب میں سیلاب سے پیدا شدہ تباہی اور نقصان کا معقول معاوضہ دے کر ازالہ کیا جائے۔اجلاس میں مقتدر قوتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ تمام سیاستدانوں،حکمرانوں اور معیشت کے ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے ملک کو آئی ایم ایف کے قرضوں سے آزاد کرائیں اورملک کو معاشی بحران سے نکالیں۔مولانا حامد الحق حقانی نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہاکہ ہمارا ماٹو اس ملک میں اسلامی نظام کو نافذ کرنا ہے اور پاکستان کے غیرت مند مسلمانوں کو منظم کرنا ہے انہوں نے کہاکہ بہت افسوس کی بات ہے کہ ہمارے ملک میں گالی گلوچ کی سیاست کو فروغ دیا جارہا ہے۔ پارٹیوں کے اندر نفرت کا بیج بویا جارہاہے،اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ پاکستان سمیت تمام اسلامی اور یورپی ممالک افغانستان کی حکومت کو فی الفور تسلیم کریں اوران کو مضبوط اورمستحکم بنا کر افغانستان میں قیام امن کو یقینی بنائیں۔مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ ڈالروں اور اشیا خوردونوش کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈان کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ اجلاس میں بلوچستان میں اعلی فوجی افسروں کی شہادت پر غم و دکھ کا اظہار کیا گیااور ہیلی کاپٹر میں شہید ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اوران کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کی،اسی طرح مولانا عبدالعزیز کوٹ مٹھن اور مولانا فتح محمد چمنی کی وفات پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا گیا،اجلاس میں فیصلہ کیا کہ امیر مرکزیہ مولانا حامد الحق حقانی ایک ہفتہ کے اندر چاروں صوبوں کے صدور کا اعلان کریں گے۔دس محرم کے بعد مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا سید یوسف شاہ تنظیم سازی کے لئے چاروں صوبوں کا دورہ کریں گے۔ اجلاس میں بے گناہ پولیس جوانوں پر حملوں کی شدید مذمت کی گئی، اجلاس میں ملک کے چاروں صوبوں سے اراکین مرکزی شوری نے شرکت کی۔

مزید :

صفحہ اول -