امریکی مشن پاکستان کے تعاو ن سے پنجاب بھر سے انگریزی زبان کے 60 اساتذہ کی تربیت کا انعقاد
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی قونصل جنرل لاہور ولیم مکانیولے نےامریکی مشن کے زیر اہتمام پروفیشنل ڈویلپمنٹ آف ناوس انگلش ٹیچرز (پی ڈی این ای ٹی) کے پانچ روزہ سکونتی پیشہ وارانہ نشوونما کے پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے پر پنجاب بھر سے انگریزی زبان کے 60 اساتذہ کو مبارکباد پیش کی ہے . پی ڈی این ای ٹی نے اس تربیتی پروگرام پر عمل درآمد پاکستان میں قائم ایک غیر سرکاری تنظیم ویژن بلڈنگ فیوچر (وی بی ایف) کے اشتراک سےکیا. قونصل جنرل ولیم مکانیولے نے شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے اور وی بی ایف حکام شجاع عباسی، سبین فاروق اور پی ڈی این ای ٹی ٹرینرز ڈاکٹر نکی اشکرافٹ، ظہیر حسین اور طیبہ احسان کا پروگرام کے کامیابی سے انعقاد میں کوششوں اور معاونت پر شکریہ ادا کیا۔
قونصل جنرل مکانیولے نے 60 شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کی محنت، لگن اور آپ کی تدریسی پیشے سے وابستگی کو سراہتا ہوں۔ پاکستانی طلبا بہت خوش قسمت ہیں کہ آپ جیسے اساتذہ موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ نے تدریس کی نئی تکنیک سیکھ لی ہے اور امید ہے کہ آپ ان کو اپنے مقامی تدریسی طریقوں میں شامل کریں گے۔ وقت گزرنے کے ساتھ، میں آپ کی کامیابی کے بارے میں گفتگو سننا پسند کروں گا۔
تربیتی پروگرام کے دوران امریکی اور پاکستانی دونوں اطراف کے تربیت کاروں نے سرگرمی پر مبنی تدریس کے لئے اختراعی تکنیک اور بہترین طریقوں کو پیش کیا۔ پی ڈی این ای ٹی شرکاء کو اپنے اپنے علاقوں میں تربیتی کام انجام دینے کے لئے امریکی مشن کی چھوٹی گرانٹس حاصل کرنے کا اہل بننے کی اجازت دیتا ہے۔ سنہ 2005 سے اب تک پاکستان میں امریکی مشن نے انگریزی زبان کے 25 ہزار سے زائد اساتذہ کو پی ڈی این ای ٹی پروگرام اور دیگر پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کیے ہیں۔
امریکی مشن پاکستان کے انگریزی زبان کے پروگراموں سے متعلق مزید معلومات کے لیے www.facebook.com/RELOPakistan
ملاحظہ کریں۔