میرے بھائی رینڈی نے میری جگہ ڈرم بجانے کی ذمہ داری سنبھالی، ہمارے لئے چیزیں مزید پیچیدہ ہوتی گئیں

میرے بھائی رینڈی نے میری جگہ ڈرم بجانے کی ذمہ داری سنبھالی، ہمارے لئے چیزیں ...
میرے بھائی رینڈی نے میری جگہ ڈرم بجانے کی ذمہ داری سنبھالی، ہمارے لئے چیزیں مزید پیچیدہ ہوتی گئیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مترجم:علی عباس
قسط: 37
لیکن میں بہتر جانتا تھا۔ بیری طیش میں آئے بغیر بات چیت کر رہا تھا۔ یہ ایک مشکل ملاقات تھی لیکن ہم دوبارہ دوست بن گئے تھے۔ اور وہ میرے لئے تاحال باپ کی طرح محترم ہے۔۔۔ وہ میرے اوپر فخر کیا کرتا ہے اور میری کامیابی سے خوش ہے۔ خواہ کچھ بھی ہو، میں بیری کو ہمیشہ چاہتا رہوں گا کیونکہ اُس نے مجھے چند بیش بہا چیزوں کے بارے میں بتایا جو میں نے اپنی زندگی میں سیکھی ہیں۔ اُسی نے جیکسن فائیو کو بتایا تھا کہ وہ تاریخ کے اوراق میں محفوظ ہو سکتے ہیں اور حقیقتاً ایسا ہی ہوا تھا۔ موٹون نے برسوں کے دوران بہت سارے لوگوں کےلئے بے پناہ کام کیا ہے۔ میں محسوس کرتا ہوں کہ اُن بینڈز میں شامل ہونا ہماری خوش قسمتی تھی جنہیں بیری نے خود عوام میں متعارف کرایا اور میں اس شخص کا مقروض ہوں۔ میری زندگی اُس کے بغیر یکسر مختلف ہوتی۔ ہم سب آگاہ ہیں کہ موٹون نے ہمیں آغاز فراہم کیا، ہمارے پیشہ ورانہ کیریئر کو آگے بڑھانے میں مدد کی۔ ہم تمام لوگ یہ خیال کرتے ہیں کہ ہماری جڑیں وہاں تھیں اور ہم سب کی خواہش تھی کہ ہم اُن کے ساتھ وابستہ رہتے۔ ہم اُس سب کےلئے اُن کے شکرگزار تھے جو انہوں نے ہمارے لئے کیا لیکن تبدیلی ناگزیر ہے۔ میں حال کا آدمی ہوں اور مجھے پوچھنا ہے کہ چیزیں کیسی جا رہی ہیں؟ اب کیا وقوع پذیر ہو رہا ہے؟ کیا ماضی میں کچھ ایسا ہوا تھا جو ہمارے مستقبل پر اثر انداز ہو سکتا ہے؟
یہ فنکاروں کےلئے ضروری ہے کہ وہ ہمیشہ اپنی زندگی اور فن کو منظم رکھیں۔ ماضی میں فنکاروں کے ساتھ ایک بڑا مسئلہ رہا ہے کہ وہ ایسا نہیں کر سکے۔ میں نے سیکھا کہ انسان نتائج کی پرواہ کئے بغیر اپنے مؤقف کی سچائی کے ساتھ کھڑا ہو کرایسا کرسکتا ہے۔ ہم موٹون کے ساتھ وابستہ رہ سکتے تھے لیکن ایسا کرنے کی صورت میں ہو سکتا تھا کہ ہم صرف بڑے بوڑھوں کی پسند بن جاتے۔
میں جانتا تھا کہ یہ تبدیلی کا وقت تھا چنانچہ ہم نے اپنے وَجدان کا تعاقب کیا اور ہم جیت گئے جب ہم نے ایک دوسری کمپنی’ ’ ایپک“ کے ساتھ نئے سرے سے آغاز کا فیصلہ کیا۔
ہمیں طمانیت کا احساس ہوا کہ بالآخر ہم نے اپنے احساسات کو واضح کر لیا تھا اور اُن زنجیروں کو کاٹ دیا تھا جنہوں نے ہمیں باندھ رکھا تھا لیکن جب جرمین نے موٹون کے ساتھ رُکنے کا فیصلہ کیا تو یہ ہمارے لئے تباہ کُن تھا۔ وہ بیری کا داماد تھا اور اُس کےلئے معاملات ہماری نسبت زیادہ پیچیدہ تھے۔ اُس نے سوچا کہ اُس کےلئے موٹون کے ساتھ وابستہ رہنا اُسے چھوڑنے کی نسبت زیادہ اہم ہے اور جرمین ہمیشہ وہ کرتا تھا جو اُس کا شعور کہتا تھا، چنانچہ اُس نے بینڈ چھوڑ دیا۔ 
مجھے وہ شو اچھی طرح یاد ہے جو ہم نے اُس کے بغیر کیا تھا کیونکہ یہ میرے لئے بہت دردناک تھا۔۔۔ سٹیج پر میرے ابتدائی دِنوں سے۔۔۔ حتیٰ کہ گیری میںخوابگاہ میں ہونے والی ریہرسلوں کے دوران جرمین میرے بائیں جانب اپنے گٹار کے ساتھ کھڑا ہوتا تھا۔ مجھے جرمین کے ساتھ کھڑا ہونے کی عادت ہوگئی تھی۔ اور جب اُس کے بغیر میں نے اولین شو کیا، میرے آگے کوئی نہیں کھڑا تھا، میں نے زندگی میں پہلی بار خود کو برہنہ محسوس کیا۔ چنانچہ ہم نے زیادہ محنت کی تاکہ اپنے ایک روشن ستارے جرمین کی علیٰحدگی کے باعث پیدا ہونے والے خلاءکو پُر کر سکیں۔ مجھے یاد ہے کہ یہ شو بہتر رہا کیونکہ لوگوں نے ہماری کھڑے ہوکر پذیرائی کی تھی۔ ہم نے سخت محنت کی تھی۔
جرمین کی بینڈ سے علیٰحدگی اختیار کرنے کے باعث مارلن کو اُس کی جگہ لینے کا موقع ملا تھا اور وہ حقیقتاً سٹیج پر چمکا۔ میرے بھائی رینڈی نے میری جگہ ڈرم بجانے کی ذمہ داری سنبھالی اور وہ بینڈ کا بچہ تھا۔
اس دوران جب جرمین نے بینڈ سے علیٰحدگی اختیار کی تھی، ہمارے لئے چیزیں مزید پیچیدہ ہوتی گئیں کیونکہ یہ حقیقت ہے کہ ہم موسمِ گرما کی ایک بیہودہ ٹی وی سیریز میں کام کر رہے تھے۔ یہ شو کرنے کا فیصلہ احمقانہ تھا اور مجھے اس کے ہر منٹ سے نفرت تھی۔
مجھے پرانے ”جیکسن فائیو“ کے کارٹون شو سے محبت تھی۔ مجھے ہفتے کی صبحوں کو جاگنے کی عادت تھی اور میں کہتا، ”میں ایک کارٹون ہوں!“ لیکن مجھے اس ٹیلیویژن شو میں کام کرنا اچھا نہیں لگتا تھا کیونکہ مجھے لگتا تھا کہ یہ ہمارے گلوکاری کے کیریئر کےلئے سودمند ہونے کی بجائے نقصان کا باعث ثابت ہو سکتا ہے۔ میرا خیال ہے کہ ایک گلوکار کےلئے ٹی وی سیریز میں کام کرنا بدترین سرگرمی ہے۔ میں ڈٹا رہا تھا، ”کہ یہ ہمارے گیتوں کی فروخت پر اثر انداز ہوگا۔“ اور دوسرے کہتے، ”نہیں، یہ مددگار ثابت ہو گا۔“)جاری ہے ) 
نوٹ : یہ کتاب ” بُک ہوم“ نے شائع کی ہے ۔ ادارے کا مصنف کی آراءسے متفق ہونا ضروری نہیں ۔(جملہ حقوق محفوظ ہیں )۔

مزید :

ادب وثقافت -