یوم شہدا ء پنجاب بھر میں جوش وجذبے سے منایا گیا

  یوم شہدا ء پنجاب بھر میں جوش وجذبے سے منایا گیا
  یوم شہدا ء پنجاب بھر میں جوش وجذبے سے منایا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 چار اگست کا دن ہر سال ملک بھر میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افرادکے خلاف جنگ میں خون کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی یاد میں یوم شہداء کے طور پرمنایا جا تاہے۔ یوم شہدا ء پولیس اہلکاروں کی جرات کو یاد کرنے کا دن ہے۔ اس سال بھی آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پنجاب پولیس نے یوم شہداء_  پولیس بھرپور جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا۔صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں یوم شہدا پولیس کے موقع پر خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا، پولیس کے چاک و چوبند دستوں نے شہدا کی یادگاروں اور قبروں پر سلامی پیش کی، شہداء پولیس کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں، فاتحہ خوانی کی گئی، مساجد میں پولیس شہداء کی ارواح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی، درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں، سینئر پولیس افسران کی شہداء پولیس کے اہل خانہ اور بچوں سے ملاقات، شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا، شہداء  پولیس اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کے لئے تقاریب منعقد، ریلیاں نکالی گئیں، سینئر پولیس افسران، شہداء کے اہلخانہ، اکیڈیمیا، سول سوسائٹی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شہداء ڈے پروگرام میں شرکت کی۔پولیس شہدا ء ڈے کی مرکزی تقریب کا انعقاد پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور میں کیا گیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، کمانڈنٹ ڈی آئی جی محبوب اسلم للہ سمیت سینئر پولیس افسران اور شہداء کے اہلخانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کالج آڈیٹوریم میں منعقدہ پروگرام میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بہترین تعلیمی کارکردگی کے حامل شہدا پولیس کے بچوں میں 65 لیپ ٹاپس تقسیم کئے۔ شہدا پولیس کے بچوں کی بائیسکلز سمیت دیگر تحائف سے حوصلہ افزائی کی گئی۔ پروگرام میں شہداء پولیس کے بچوں اور اہلخانہ نے شہدا کی یاد میں نظمیں اور ٹربیوٹ مضامین پیش کئے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے شہداکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ لاہور پولیس کے333 پولیس افسران و اہلکاروں نے فرض کی راہ میں اپنی جانیں نچھاور کی ہیں۔ شہداء کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ، شہدا کا مشن وطن کا تحفظ اورامن ہے جو انشاء_ اللہ جاری و ساری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام، بقا اور سا لمیت میں لاکھوں شہدا ء اور غازیوں کا لہو شامل ہے۔ اس عظیم فرض کی بجاآوری میں مستقبل میں بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ لاہورپولیس کرائم کنٹرول، دہشت گردی کے قلع قمع اور قیامِ امن سمیت شہریوں کی جان ومال کے تحفظ میں فرنٹ لائن پر اپنے فرائض ادا کررہی ہے۔ لاہور پولیس نے شہداپیکج کے تحت2017سے اب تک50شہد ا کے خاندانوں کو78کروڑ 25لاکھ روپے مالیت کے مکانات دیئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور پولیس نے سال2023ء میں ملازمین کے بچوں کے سکالر شپس کی مد میں 50خاندانوں میں 01کروڑ 24لاکھ 20ہزارروپے سے زائد تقسیم کئے ہیں۔ سال2023-24ء   میں جہیز فنڈ کی مد میں شہداکے 18خاندانوں میں 56لاکھ 60ہزار روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہاکہ شہداکے ورثا کو گھروں کی فراہمی، بچیوں کی شادی، بچوں کی معیاری تعلیم اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شہداکے لواحقین کیلئے میرے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔آئی جی پولیس نے یوم شہداء  پولیس کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ آج کا دن شہداء کے ساتھ تجدید عہد کا دن ہے، زندہ قومیں اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتیں، فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پنجاب پولیس ہر سال 04 اگست یوم شہداء پولیس کے طور پر جوش و جذبے سے مناتی ہے، پنجاب پولیس کے 1638 بہادر شہدانے امن و امان کے قیام، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہدا ء پولیس نے اپنے آج کو وطن عزیز پر قربان کرکے قوم کے کل کو محفوظ بنایا، آئی جی پنجاب نے کہا کہ اپنے لخت جگر وطن عزیز پر قربان کرنے والے شہیدوں کی ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں، شہادت کا عظیم مقام حاصل کرنے والے ان عظیم سپوتوں کی فیملیز کو بھی میرا سلام ہے، بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس شہداء کے خاندانوں کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیح ہے، خوشی اور غمی کے ہر موقع پر محکمہ پولیس اور فورس آپ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔کوئی بھی شے شہداء پولیس کی لازوال قربانیوں کا نعم البدل نہیں ہو سکتی، امن شہداکی بے مثال قربانیوں کا مرہون منت ہے۔ پوری قوم پولیس کے ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے، چار اگست پولیس فورس کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔ فرض کی راہ میں گولیوں کے سامنے سینہ سپر ہونے والے پولیس فورس کے 100 غازیوں کو 01 کروڑ روپیہ دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ آج کے دن پہلے سے بڑھ کر محنت، فرض شناسی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ تقریب میں دیگرسینئر پولیس افسران نے بھی خطاب کرکے شہداء پولیس کو شایان شان خراج تحسین پیش کیا۔ ٹریننگ کالج لاہور کی یادگار شہداء پر شہدائے پولیس کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں، لازوال قربانیوں کے اعتراف میں پولیس جوانوں کو خراج تحسین اوردرجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

مزید :

رائے -کالم -