5 اگست 2019 کے بھارتی اقدام کیخلاف آج ملک بھر میں ’ یوم استحصال کشمیر‘ منایا جارہاہے 

Aug 05, 2024 | 11:42 AM

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )5 اگست 2019 کو  مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں ’’یوم استحصال کشمیر‘‘ آج منایا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 5سال قبل بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 35 اے اور 370 کا خاتمہ کرتے ہوئے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اسے بھارت کا حصہ قرار دے دیا تھا۔ ان 2مخصوص آرٹیکلز سے واضح تھا کہ مقبوضہ کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے، اس کا خصوصی قانون ہوگا۔

اس روز بھارت کا مکروہ چہرہ نہ صرف بے نقاب ہوا بلکہ گزشتہ 75  برسوں سے مظلوم کشمیریوں پر ہونے والے بھارت کی جانب سے جاری مظالم پر دنیا کی بھی آنکھیں کھل گئیں۔اس جبراً ریاستی اجارہ داری پر کشمیری ردعمل سے بچنے کے لیے بھارت نے نہتے کشمیریوں اور کشمیری قیادت کو نظربند کر دیا، ان سے تمام تر بنیادی سہولیات چھین لی تاکہ کشمیریوں کی آواز دبائی جا سکے۔

تحریک آزادی کشمیر کو کچلنے کے لیے مودی سرکار نے ڈیڑھ سال تک مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ اور ٹیلی سروسز کو معطل کیے رکھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ اور شبیر احمد شاہ نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ 5 اگست کو یوم سیاہ منائیں۔

ادھر، یوم استحصال کشمیر کے موقع پر دفتر خارجہ سے ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں حریت کانفرنس کی قیادت شریک ہوئی جبکہ ریلی میں سکول کے بچے بھی شریک ہوئے۔ دفتر خارجہ کے ملازمین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد ریلی میں موجود رہی، ملازمین نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم تھام رکھے تھے۔وزارت خارجہ کے زیر اہتمام واک کے شرکاء نے ڈی چوک پہنچ کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور سائرن بجائے گئے۔

اسحاق ڈار 

اس موقع پر ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کا 5 اگست کا اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے، مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنا بھارت کی خام خیالی ہے کیونکہ کشمیریوں کے ساتھ پاکستان کا جغرافیائی اور بھائی چارے کا گہرا تعلق ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت اگر اتنا ہی جمہوری ہے تو فوری مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری کا اعلان کرے، بھارت نے کشمیر کا نقشہ بدلنے کی کوشش کی، بھارت مقبوضہ  کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے لیکن ہم بھارت کے ان ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر 

سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری کہہ رہے ہیں کہ پاکستان ہمارا ہے ہم پاکستانی ہیں، کشمیریوں کو آرٹیکل 370 اور 35 اے کا خاتمہ قابل قبول نہیں، جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے یہ جدوجہد جاری رہے گی اور کشمیری بھارت سے آزادی لے کر رہیں گے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ آج یہ لوگ پیغام دے رہے ہیں کہ کشمیر اکیلا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے گئے اور بھارت کا خیال تھا کہ کشمیر کو دوسری ریاستوں کی طرح ریاست بنا دے گا لیکن مقبوضہ کشمیر پاکستان کا شہ رگ ہے یہ بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا،  مقبوضہ کشمیر کے بغیر پاکستان کی تکمیل نہیں ہوسکتی۔

مزیدخبریں