اسلام آباد: شہریوں نے 6 ماہ سے مسجد سے چپل چوری کرنے والے شخص کو کیسے پکڑا؟
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )مسجد سے چپل چوری ہوجانا عام سی بات ہے اور یہ چور ہاتھ بھی نہیں آتے لیکن اسلام آباد میں شہریوں نے 6 ماہ سے مسجد سے چپل چوری کرنے والے شخص کو پکڑکر پولیس کے حوالے کردیا۔
اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی بلیو ایریا مسجد میں چپل چوری کی واردات میں اضافے کے بعد 2 نوجوانوں نے چور کو گھات لگاکر پکڑنے کا فیصلہ کیا۔رپورٹ کے مطابق 3 اگست کو نوجوانوں نے مسجد میں جماعت کھڑی ہوجانے کے بعد آنے جانے والوں پر نظر رکھنی شروع کی، کچھ ہی دیر بعد ایک نوجوان مسجد میں داخل ہوا اور شاپر نکال کر نمازیوں کی چپلیں ڈالنا شروع کردیں جس کے بعد گھات لگائے نوجوانوں نے چور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔نوجوانوں نے بتایا کہ پچھلے 6 ماہ کے دوران جمعہ کی نماز سمیت اجتماعات کے دوران بھی نمازیوں کے جوتے چوری ہوئے۔پولیس کے مطابق ملزم نے اسلام آباد کی بلیو ایریا مسجد سمیت دیگر سیکٹرز کی مساجد سے بھی جوتے چرائے ہیں۔دوسری جانب پولیس کو دیے گئے بیان میں ملزم نے کہا کہ وہ مسجد سے اچھے اور مہنگے جوتے چوری کرکے بیچ دیا کرتا تھا۔