شیخ حسینہ کے استعفے کا اعلان کرنے والے بنگلہ دیش کے آرمی چیف کون ہیں؟
ڈھاکا (ڈیلی پاکستان آن لائن )اٹھاون سالہ آرمی چیف وقار الزماں نے 23 جون کو تین سال کی مدت کے لئے آرمی چیف کے فرائض سنبھالے جو اس عہدے کے لئے معمول کی مدت تھی۔وہ 1966 میں ڈھاکا میں پیدا ہوئے، ان کی شادی جنرل محمد مستفیض الرحمان کی بیٹی سارہ ناز کمالیکہ زمان سے ہوئی، جو 1997 سے 2000 تک آرمی چیف رہے۔بنگلہ دیشی فوج کی ویب سائٹ کے مطابق جنرل وقار الزماں نے نیشنل یونیورسٹی آف بنگلہ دیش سے دفاعی علوم میں ماسٹرز کی ڈگری اور کنگز کالج لندن سے ڈیفنس سٹڈیز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔آرمی چیف بننے سے پہلے انہوں نے چیف آف جنرل سٹاف کے طور پر چھ ماہ سے کم عرصہ تک خدمات انجام دیں، جس میں انہوں نے دیگر چیزوں کے علاوہ، فوجی آپریشنز اور انٹیلی جنس، اقوام متحدہ کے امن مشن میں بنگلہ دیش کے کردار اور بجٹ کی نگرانی کی۔ ساڑھے تین دہائیوں پر محیط کیریئر میں انہوں نے حسینہ کے ساتھ قریب سے کام بھی کیا اور وزیر اعظم کے دفتر کے ماتحت مسلح افواج کے ڈویژن میں پرنسپل سٹاف آفیسر کے طور پر خدمات انجام دیں۔فوج کی ویب سائٹ نے کہا کہ جنرل وقار الزماں فوج کی جدید کاری سے بھی وابستہ رہے ہیں۔انہوں نے مظاہروں کے دوران فوج کے اہلکاروں سے لوگوں کی جانوں، املاک اور اہم ریاستی تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔