دہشت گرد پھر سرگرم ہو رہے ہیں: شاہی سید
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ دہشت گرد ایک مرتبہ پھر سر گرم ہورہے ہیں اور منظم طریقے سے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں اور ہمارے دفاتر اور املاک پر حملے کر رہے ہیں۔ ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور قانون کسی طور حرکت میں نہیں آرہا ، ان کا کہنا تھا کہ عروس البلاد اب شہر نا پرسان بن چکا ہے جہاں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والا فرد بے بسی کی تصویر بن چکا ہے اور سب سے زیادہ خوش جرائم پیشہ عناصر ہیں جنہیں کوئی روکنے والا یا پوچھنے والا نہیں ہے ،سینیٹر شاہی سید نے مزید کہا کہ ارباب اختیار کے نمائشی اعلانات و اقدامات کا وقت گزر چکا ہے اب سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے،کراچی شہر اب مزید مصلحت پسندی کا متحمل نہیں ہوسکتا بے گناہ شہریوں کا خون نا حق اب روکنا ہوگا جس کا واحد حل سپریم کے احکامات پر عمل ہے۔