رنز ریکارڈ توڑنے پر بیٹوں کو فیراری تحفتاً دوں گا: وریندر سہواگ

رنز ریکارڈ توڑنے پر بیٹوں کو فیراری تحفتاً دوں گا: وریندر سہواگ

نئی دہلی(آن لائن) ہندوستان کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر وریندرسہواگ نے اپنے بیٹوں سے کرکٹ میں 319 رنز بنانے پر فیراری کا تحفہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ ہندوستان کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے آخری میچ سے قبل ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا غیر ملکی میڈیا کے مطابق وریندر سہواگ کا کہنا تھا کہ ‘‘میں نے اپنے بیٹوں سے وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ کرکٹ کی کسی سطح پر بھی 319 رنز کا ریکارڈ توڑیں گے تو انھیں فیراری کا تحفہ دوں گا’’۔ سہواگ کے لیے سجائی گئی تقریب میں ان کی بیگم اور دونوں بیٹے بھی شریک تھے جبکہ بی سی سی آئی کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر کے علاوہ ہندوستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں بھی موجود تھیں۔

سہواگ نے کھیل شروع کرنے کے ابتدائی دنوں کی کہانی سناتے ہوئے کہا کہ ‘‘میں بس روٹ نمبر 817 میں نجف گڑھ سے کوٹلہ کے قریب شہید بگھت سنگھ ٹرمینل تک سفر کرتا تھا اور اسی دوران میرے ایک دوست نے پہلی دفعہ اسکوٹر خریدنے میں میری مدد کی’’۔ سہواگ پہلے ہندوستانی بلے باز ہیں جنھوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچری بنائی لیکن انھوں نے 400 رنز کی اننگز نہیں کھیلنے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ’’جب میں نے 309 رنز بنائے تھے اس وقت برائن لارا کا ریکارڈ توڑنے کا بہترین موقع تھا لیکن بدقسمتی سے وہ ضائع ہوگیا’’۔ سہواگ نے 309 رنز2004 میں پاکستان کے خلاف ملتان میں بنائے تھے جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف 2008 میں چنائے میں 319 رنز کی اننگز کھیلی تھی. وہ سری لنکا کے خلاف 2009 میں 293 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔ اس طرح انھیں ہندوستان کی جانب سے تین بڑی اننگز کھیلنے کا بھی اعزاز حاصل ہے

مزید : کھیل اور کھلاڑی