ٹی سی ایس نے آئی ایس او17025کیلئے ایکریڈیشن سرٹیفکیٹ حاصل کرلیا
لاہور(پ ر)فیڈرل منسٹری آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ماتحت کام کرنے والے پاکستان اسٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (PSQCA)کے ذیلی ادارہ ٹیکنیکل سروسز سنٹر (TSC)لاہور نے پاکستان نیشنل ایکریڈیشن کونسل (PNAC)سے آئی ۔ایس۔او 17025 کے لئے ایکریڈیشن سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کا معرکہ سر کر لیا ہے۔انجینئر احمد ندیم اقبال ، ڈائریکٹر ، ٹی۔ایس۔سی نے واشگاف الفاظ میں کھلے دل کے ساتھ یہ اعتراف کیا ہے کہ اس سنہری کامیابی کا سہرا بلا شبہ فیڈرل منسٹر(S & T) رانا تنویر حسین کے بلند وژن، وفاقی سیکریٹری فضل عباس میکن کے جذبۂ تعاون و کنٹرول اور ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر برکت سعید میمن کی ہمہ جہت قیادت کے سر ہے۔اس دور کی مارکیٹوں اور ڈبلیو۔ٹی۔ او کے معیارات کے مطابق کام کرنے اور سائنس و ٹیکنالوجی کی دوڑ میں مقامی مینوفیکچررز کو کوالٹی ٹیسٹنگ سروسز مہیا کرنے کے لئے ایسی اسناد کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔ ٹی ۔ایس۔سی اب ایکریڈیٹڈ ٹیسٹنگ سروسزپیش کرنے کا مجاز ہے۔ ایکریڈیشن کے حصول تک جد و جہد اس ادارہ کے عزم ، معیاری لیباریٹری ٹیسٹنگ اورتربیت یافتہ ورک فورس کی موجودگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اس ایکریڈیشن کے حصول سے ادارہ کی مینو فیکچرز کو مہیا کی جانے والی سروسز عالمی معیار کے مطابق ہو جائیں گی عوام الناس کو بہتر مصنوعات فراہم ہوں گی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں مقابلے کی پوزیشن بہتر ہو جائے گی۔