عظیم اقوام اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں،عبداللہ سنبل
لاہور( جنرل رپورٹر ) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ عظیم اقوام اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔ آرمی پبلک اسکول پشاور کے معصوم شہداء طلبا عز م و یقین کے تابندہ ستارے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی برسی پر اے پی ایس کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے لاہور سمیت پوری لاہور ڈویژن میں 10 دسمبر تا 17 دسمبر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ لاہور میں 12 دسمبر کو صوبائی سطح پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر یوم سانحہ پشاور پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی جبکہ ٹریفک سگنل سرخ ہوں گے اور سائرن بجیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر کو ایک مخصوص وقت میں قومی ترانہ بھی نشر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں مختلف تقریبات ہوں گی اور 16 دسمبر کو مرکزی تقریبات ہوں گی جس میں شہداء کے خاندانوں کو بھی مدعو کیا جائے گا اور معصوم شہداء کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ کمشنر لاہور ڈویژن نے کہا کہ 16دسمبر کو تمام سرکاری دفاتر میں اے پی ایس شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی جائے گی اور تعلیمی ادارے مقابلہ تقاریر، سیمینار اور تصاویر کی نمائش وغیرہ کا اہتمام کریں گے۔کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار اے پی ایس شہداء کی پہلی برسی پر تقریبات کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان، ڈی سی او ننکانہ ڈاکٹر عثمان، ڈی سی او قصور عدنان ارشد،ِ ڈی سی او شیخوپورہ کرن خورشید، ایڈیشنل کمشنر وسیمہ عمر، اے سی جی آمنہ رفیق، ڈی جی پروٹوکول، ایس پی سیکورٹی، ڈائریکٹر کالجز، ای ڈی او ایجوکیشن لاہور، پولیس افسران و دیگر افسران نے شرکت کی۔