14دسمبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے حوالے اہم اجلاس

14دسمبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے حوالے اہم اجلاس

لاہور( جنرل رپورٹر )ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر)محمد عثمان کی زیر صدارت شہر میں14دسمبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے حوالے ایک اہم اجلاس ٹاؤن ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ای ڈی او(ہیلتھ) ڈاکٹر ذوالفقار،ٹا ؤن ایڈمنسٹریٹرز، محکمہ صحت کے افسران ، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف کے نمائندوں اور دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈی سی او لاہور نے ٹا ؤن ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ شہر بھر میں پو لیو مہم کی آگاہی کے لیے بھر پور تشہیر ی مہم چلائیں اور اس ضمن میں پو لیو آگاہی پر مبنی فلوٹس چلائے جائیں تا کہ شہریوں میں اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پو لیو کے قطرے پلانے کا شعور اُجا گر ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ پو لیو مہم کے دوران شہر کی تمام اہم شا ہراؤں اور مقامات پر بچوں کو پو لیو کے قطرے پلانے کے لیے کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔ ڈی سی او لاہور نے بتایا کہ شہر میں پولیو مہم14دسمبر سے شروع ہو کر 16دسمبر تک جاری رہے گی اور17،18دسمبر 2دن بطورکیچ اپ ڈے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پولیو مہم میں 15لاکھ 70ہزارپانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ 4ہزار1سو69 پولیو ٹیمیں مہم میں حصّہ لیں گی۔ کیپٹن(ر) محمد عثمان نے کہا کہ ٹاؤن لیول پر پولیو ٹیموں کی ٹریننگ جاری ہے اور ٹاؤن ایڈمنسٹریٹرز ان کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1