دیوانی مقدمات میں اضافہ ،ایل ڈی اے کمپلیکس میں لفٹیں کم پڑ گئیں

دیوانی مقدمات میں اضافہ ،ایل ڈی اے کمپلیکس میں لفٹیں کم پڑ گئیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار)دیوانی مقدمات کی تعداد میں ریکارڈاضافہ، ایل ڈی اے کمپلیکس میں کیس نمٹانے کے لئے 83سول ججوں کوبٹھادیاگیا ہے۔6 منزلہ عمارت میں قائم سول کورٹس میں جانے کے لئے سائلین اور وکلاء کوشدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ تا ہے۔لاہورکی آبادی بڑھنے کے ساتھ ساتھ سول نوعیت کے مقدمات کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے۔ ایل ڈی اے کمپلیکس کی 6 منزلہ عمارت میں قائم عدالتوں تک جانے کے لئے 4 لفٹیں لگائی گئیں ہیں جن میں سے دو لفٹیں کئی ماہ سے خراب ہیں ،بے پناہ رش کے باعث سائلین کاعدالتوں تک جانا انتہائی مشکل ہو گیا ہے، ان میں بھی عورتوں اوربوڑھے افراد کی تعداد زیادہ ہے، جنہیں کئی کئی گھنٹے لفٹ کے انتظار میں کھڑا رہناپڑتا ہے جبکہ رش کے باعث سیڑھیوں سے بھی اوپر جانادشوار گزار مرحلہ بن چکاہے۔سائلین کاکہناہے کہ بالائی منزلوں میں قائم عدالتوں میں پہنچنے کے لئے انھیں کٹھن مراحل سے گزرناپڑتاہے۔اس حوالے سے سابق سیکرٹری کامران بشیر مغل کا کہنا ہے کہ ایل ڈی اے کمپلیکس سول کورٹ میں رش کی وجہ سے وکلابھی مشکلات کاشکار ہیں۔ان کاکہنا ہے اگر ماڈل ٹاؤن اورکینٹ کچہری میں سول جج بٹھا دیئے جائیں تو رش ختم ہو سکتا ہے۔ممبر پنجاب بار کونسل سید فرحاد علی شاہ ، سینئر ایڈووکیٹ خاور محبوب ملک ،وقاراحمد نے کہا کہ ایل ڈی اے کمپلیکس سول کورٹ میں قائم لفٹوں کو فوری طورپرٹھیک کرانے کی ضرورت ہے تاکہ حصول انصاف کے لئے آنے والے سائلین کو ذہنی اذیت سے بچایاجاسکے۔