کرپشن کا الزام ،سندھ کے 31سرکاری افسران کی گرفتاری ،6کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ

کرپشن کا الزام ،سندھ کے 31سرکاری افسران کی گرفتاری ،6کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا ...

کراچی(اے این این ) اینٹی کرپشن کمیٹی نے کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث 31 سرکاری افسران کی گرفتاری اور 6 کے خلاف مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن کی زیرصدارت اینٹی کرپشن کمیٹی ون کا اجلاس ہوا جس میں سرکاری اداروں میں کرپشن اور بدعنوانی کے الزامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کمیٹی نے محکمہ ریونیو، آبپاشی، بلدیات اور رورل ڈویلپمنٹ کے ایسے 6 افسران کے خلاف فوری مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا جو سرکاری اراضی کی جعلی الاٹمنٹ اور بدعنوانی میں ملوث تھے۔ کمیٹی نے محکمہ بلدیات کے افسر عبدالقوی خان کے خلاف اراضی کی جعلی دستاویزات بنانے پر مقدمے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ تجاوزات ختم نہ کرانے پر ڈی سی جامشورو کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس کے دوران ایسے 31 سرکاری افسران کی گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا ہے جو مالی بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور جعلی فائلیں بنانے سمیت اہم ریکارڈ غائب کرنے میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔

مزید : صفحہ اول