امریکی سفیر کی آرمی چیف اور اسحق ڈار سے ملاقاتیں،باہمی امور پر گفتگو

امریکی سفیر کی آرمی چیف اور اسحق ڈار سے ملاقاتیں،باہمی امور پر گفتگو

راولپنڈی،اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور وزیرخزانہ اسحق ڈار سے پاکستان میں تعینات نئے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے ملاقات کی ۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال سمیت خطے کی صورتحال اور اہم امور پر بات چیت کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نئے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی ، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں خطے کی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔ادھر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت مختلف شعبوں میں نجی شعبے کی شراکت کا فروغ چاہتی ہے، معاشی استحکام کے بعد معیشت کی ترقی حکومت کی ترجیح ہے، توقع ہے ڈیوڈ ہیل کے دور سفارت میں پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت مختلف شعبوں میں نجی شعبے کی شراکت کا فروغ چاہتی ہے، معاشی استحکام کے بعد معیشت کی ترقی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ ڈیوڈ ہیل کے دور سفارت میں پاک امریکہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کا دورہ امریکہ دونوں ملکوں کے تعلقات کے حوالے سے بہت مفید رہا،آئی ایم ایف سمیت بین الاقوامی اداروں نے بھی پاکستان کی کامیابیوں کو تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے امریکی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ امریکی سفیر نے موجودہ حکومت کی معاشی میدان میں کامیابیوں کو سراہا۔

مزید : صفحہ اول