ایڈز سے بچاؤ کیلئے آگاہی مہم چلائی جائے، ڈاکٹر فیصل سلطان
لاہور(سٹی رپورٹر)شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے انچارج پروفیسر ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ایڈز ایک خطر ناک متعدی بیماری ہے جس میں مبتلا مریض میں قوت مدافعت ختم ہوجاتی ہے اوریہ مرض انتقال خون یا جنسی تعلق کی بدولت پھیلتا ہے لہٰذا ایڈز کے متعلق لوگوں میں زیادہ سے زیادہ آگہی پھیلانے کی بھی ضرورت ہے۔ "ایڈز کے عالمی دن "کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ استعمال شدہ سرنج ، جنسی تعلق اور سکریننگ کے بغیر انتقال خون سے ہر گز بچنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب ایڈز کنٹرول کسی حدتک ادویات اور ٹیسٹ مفت فراہم کر رہا ہے اور علاج کیلئے سنٹرز بھی بنائے گئے ہیں۔پاکستان میں ایڈز کے مریضوں کی تعدادبارے ایک
سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ یونائیٹڈ نیشنز کے مطابق پاکستان میں ایڈز میں مبتلا مریضوں کی تعداد تقریباً ایک سے سوا لاکھ کے درمیان ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ ایڈز تقریباً ہر معاشرے میں بدنا می کا باعث ہے لیکن ہمیں اس کا سامنا کرنا ہے اور اس کیلئے ہماری انفرادی و اجتماعی ذمہ داریاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایڈز کے مرض سے گھبرانا نہیں چاہیے اور اس کا باقاعدہ علاج کروانا چاہیے۔