تحریک انصاف کا وائٹ پیپرعوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے،سلمان رفیق

تحریک انصاف کا وائٹ پیپرعوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے،سلمان رفیق

لاہور( جنرل رپورٹر) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے صوبہ پنجاب کے شعبہ صحت کی کارکردگی کے بارے وائٹ پیپر در اصل پی ٹی آئی کی صوبہ خیبر پختونخوا میں مایوس کن کا رکردگی پر پردہ ڈالنے اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہیلتھ انڈیکیٹرز پورے ملک میں سب سے بہتر ہیں جن کا اعتراف عالمی ادارہ صحت سمیت تمام انٹر نیشنل پارٹنرز نے کیا ۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی جانب سے جاری ہونے والے وائٹ پیپر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 2007 میں پنجاب میں 1400 افراد کے لئے ایک ڈاکٹر کا تناسب تھا جو کم ہو کر2015 میں 1127 افراد پر ایک ڈاکٹر ہو چکا ہے، اسی مفت علاج کی سہولیات میسر ہونے کی وجہ سے تپ دق کے مریضوں کی شرح اموات میں بھی کمی آئی ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال لاہور جیسا ایک بھی ہسپتال پورے صوبہ کے پی کے میں نہیں اور خیبر پخونخوا سے بھی مریض بچوں کو چلڈرن ہسپتال لایا جا تا ہے۔خواجہ سلمان رفیق کامزید کہنا تھا کہ پنجاب کی کارکردگی پر انگلی اٹھانے والے اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں کیونکہ حالیہ بلدیاتی الیکشن میں عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کاکردگی پر ایک مرتبہ پھر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے لہٰذاپی ٹی آئی کو اس سے سبق سیکھ کر الزام تراشی کی سیاست تر ک کر کے کے پی کے میں اپنی حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دینا چاہیے ۔

مزید : صفحہ آخر