پیپلز پارٹی کوبلدیاتی انتخابات میں امیدوار بڑی مشکل سے ملے،اعتزاز احسن

پیپلز پارٹی کوبلدیاتی انتخابات میں امیدوار بڑی مشکل سے ملے،اعتزاز احسن

لاہور(نامہ نگار خصوصی) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف ،پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر چودھری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو اپنے منشور کو سامنے رکھتے ہوئے ملک میں بے لگام سرمایہ داری نظام کی کھل کر مخالفت کرنی چاہیے ،عوام کے معاشی و اقتصادی مسائل کے لئے جہد و جہد کرنے کی ضرورت ہے۔ہم نے الیکشن میں بڑی مشکل سے اْمیدوار کھڑے کئے لیکن وہ وقت دور نہیں جب پی پی پی کے دفاتر کے باہر الیکشن لڑنے کے لئے پارٹی ٹکٹ کے خواہش مندوں کی قطاریں لگیں گی۔ وہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ بار کے کراچی شہداء ہال میں پیپلز لائرز فورم کے زیر اہتمام پیپلز پارٹی کے 48 ویں یوم تا سیس کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے جمہوریت بچانے کے لئے حکومت کا ساتھ دے کر اپنے اْوپر ’’ فرینڈلی اپوزیشن ‘‘ کا لیبل لگوایا۔پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل پی ایل ایف کے مرکزی صدر سردار لطیف کھوسہ نے اپنے خطاب میں سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ سابق وزیر اعظم پی پی پی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو شہید کے عدالتی قتل کے حوالے سے زیر التواء صدارتی ریفرنس کا جلد فیصلہ کیا جائے اور تاریخ کے اوراق میں عدلیہ پر لگے دھبے کو ختم کیا جائے ۔ تقریب سے پی ایل ایف کے رہنما افتخار شاہد ،میاں عبد الستار انجم،زاہد چودھری ،شاہد عباس کے علاوہ بیرسٹر عامر حسن نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں پی پی پی کے سہیل ملک ، شاہدہ جبیں، بیرسٹر طیب جان، چودھری شوکت علی جاوید، اے این پی کے سیکرٹری جنرل احسان وائیں، اورنگزیب برکی، ملک سعید حسن، خاور کھٹانہ، نصرت ہاشمی، راشد لودھی سمیت پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور پی ایل ایف کے وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مزید : صفحہ آخر