کرپشن کی حالیہ غضب کہانیوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے،طاہر القادری

کرپشن کی حالیہ غضب کہانیوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے،طاہر القادری

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس کی ساری قیادت کرپشن کیسز میں ملوث اور مطلوب ہے۔ادارے کمزور،مافیاز طاقتور اور آئین موم کی ناک ہے۔معاشی دہشتگردوں کے خلاف بے رحم آپریشن نہ ہوا تو آپریشن ضرب عضب کے ثمرات زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہ سکیں گے اور قومی دولت لانچوں کے ذریعے بیرون ملک شفٹ ہوتی رہے گی۔وہ گزشتہ روز ویمن لیگ ،یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم کے مرکزی عہدیداروں سے ویڈیو لنک پر خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ بدبختی کی انتہا یہ ہے کہ کوئی سابق وزیراعظم ،وزیراعلیٰ ہو یا موجودہ سب کا دامن اربوں کی لوٹ مار،اختیارات کے ناجائز استعمال، بددیانتی، نااہلی کے داغوں سے بھرا ہوا ہے اور احتساب کے اداروں نے احتساب کی بجائے معاشی دہشتگردوں کے سہولت کار کا کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ کرپٹ لیڈر شپ پڑھی لکھی نوجوان نسل کو ملکی خدمت اور ترقی کاکیا پیغام دے سکتی ہے؟۔انہوں نے کہا کہ دھرنے کے دنوں میں نام نہاد قومی لیڈر شپ کی کرپشن، منی لانڈرنگ، بھتہ خوری، لاقانونیت اور اقرباء پروری سے متعلق جتنے بھی اعداد و شمار دئیے تھے آج ملکی ادارے ان کی تصدیق کررہے ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ کرپشن کی حالیہ غضب کہانیوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔لٹیروں، رسہ گیروں اور ناجائز منافع خوروں سے نجات کا اس سے بہتر موقع اور کوئی نہیں ہو سکتا۔

مزید : صفحہ آخر