سول سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن اور اپیکا میں 8اور10دسمبر کی ہڑتال بارے مذاکرات

سول سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن اور اپیکا میں 8اور10دسمبر کی ہڑتال بارے ...

لاہور (خبر نگار خصوصی)پنجاب سول سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن اور اپیکا کے وفود نے مشترکہ طورپر حکومتی خواہش پر 8اور10دسمبر کی ہڑتال بارے مذاکرات کئے حکومتی وفدکی سربراہی ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن نے کی اس دوران کلرک تنظیموں کے نمائندوں نے موقف اختیار کیا کہ اگر حکومت وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں 7 دسمبرتک اپ گریڈیشن اور ٹائم سکیل پرموشن کا نوٹیفکیشن جاری کرتی ہے تو ہڑتال موخر کرنے کے بارے میں غور کیا جا سکتا ہے کیونکہ ملازمین کے ساتھ حکومت پہلے ہی متعددباروعدے کر چکی مگر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔ جس کی وجہ سے پنجاب کے ملازمین میں شدید بے چینی اور مایوسی پائی جاتی ہے۔ حکومتی سربراہ نے کہا کہ محکمہ خزانہ پنجاب نے اپ گریڈیشن کی سمری بھیجنے کے لیے پانچ یوم کا وقت مانگا ہے ۔

جس پر کلرک تنظیموں کے راہنماؤں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب 23ستمبر 2015کو اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کلیرکل کیڈر کی صوبہ خیبر پختونخواہ کی طرز پر 15یوم کے اندر اپ گریڈیشن اور ٹائم سکیل پرموشن کے معاملے کومنطقی انجام تک پہنچانے کے احکامات دے چکے ہیں مگر 2ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود محکمہ خزانہ نے ان کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا اور مذاکرات کی ناکامی کا ذمہ دار محکمہ خزانہ پنجاب ہے ۔لہذا 8دسمبر کو ہر صورت احتجاج کیا جائے گا اور یہ احتجاج وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پر عمل درآمد ہونے تک جاری رہے گا وفد میں پنجاب سول سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر رانا نثار احمد،جنرل سیکرٹری چوہدری غلام غوث،پریس سیکرٹری عبدالکریم اعوان جبکہ ایپکا کی طرف سے سلطان مجددی صدر ایپکا پنجاب، صفدر حسین صدر ایپکا لاہور، طاہر شاہ، محمد افضل شامل تھے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4