صوبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ، وزیراعلٰی سندھ

صوبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ، وزیراعلٰی سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صدارت میں جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں بیلا روس کمپنی کے ایک وفد کے مابین اجلاس منعقد ہوا،جس میں بیلا روس ٹریکٹرز مینوفیکچرنگ کمپنی کی جانب سے سندھ اور ممکنہ طور پر خیرپور اکنامک زون میں ٹریکٹر مینو فیکچرنگ پلانٹ کے قیام کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔ بیلاروس کمپنی کے وفد کی قیادت HAROTYUNYAN ARMENکر رہے تھے نے حال ہی میں اسلام آباد میں ان کی کمپنی اور حکومت سندھ کے درمیان ہونے والے ایم او یو کے تحت سندھ میں ٹریکٹر مینو فیکچرنگ پلانٹ اور دیگر سپورٹنگ انڈسٹری کے قیام میں گہر ی دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے منصوبے پر جلد از جلد عمل کرنے پر زور دیا ۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ٹریکٹرز اور زراعت سے متعلق اشیاء کے حوالے سے خصوصی طور پر سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی لینے پر انہیں خوش آمدید کہا اور اس حوالے سے سیکرٹری زراعت شاہد گلزار شیخ ، سیکرٹری خزانہ سہیل راجپوت اور ڈائیریکٹر جنرل بور ڈ آف انوسٹمینٹ (بی او آئی) افتخار شہلوانی پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دی جو کہ بیلاروس کمپنی کے ساتھ مشترکہ اجلاس منعقد کرکے تمام ممکنہ امکانات ، سرمایہ کاری کے امور اور اسکیموں پر عملدرآمد کے شیڈول وغیرہ طے کریں گے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے نے کہا کہ صوبہ سندھ زراعت پر مبنی صوبہ ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریکٹرز کے علاوہ صوبہ سندھ کو زمین ہموار کرنے کے لئے مختلف مشینریز، زمینی ہل اور آبپاشی کے پانی کے موئثر استعمال اور دیگر فنی مہارت اور آلات کی ضرورت ہے تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ لایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پانی کی کمی کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود صوبہ سندھ کی فی ایکٹر پیداوار پاکستان کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ ہے کیونکہ صوبہ سندھ کی زمین زرخیز ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمار ے آبادگاروں کو سستی قیمت پر ٹریکٹرز اور دیگر زرعی آلات کی اشد ضرورت ہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ سندھ حکومت آبادگاروں کو 2010سے ٹریکٹرز اور دیگر زرعی آلات وغیرہ کی خریداری کے لئے سبسڈی بھی فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال 2015-16کے بجٹ میں ہم نے ٹریکٹرز کی خریداری کے لئے 1500ملین روپے اور دیگر زرعی ساز و سامان کی خریداری پر سبسڈی کے لئے 170ملین روپے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ہم آبادگاروں 37000ٹریکٹروں کی خریداری پر سبسڈی دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس کمپنی کی جانب سے ٹریکٹرز کی مینوفیکچرنگ کے قیام اور دیگر متعلقہ مشینری کے لئے سرمایہ کاری کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کیا جائیگا تاکہ صوبہ میں سبز انقلاب لایا جاسکے۔ ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وفد کے سامنے کھلی آفر رکھی کہ وہ سندھ حکومت کے ساتھ مشترکہ طور پر سرمایہ کاری کریں یا پھر پی پی پی موڈ اٖ انوسٹمینٹ کے تحت سرمایہ کاری کریں جوکہ پاکستان میں سندھ حکومت نے پہلی مرتبہ متعارف کرائی ہیں۔ چیف سیکریٹری سندھ نے اجلاس میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ وفد یہاں پر صوبہ سندھ کے ساتھ ہونے والے ایم او یو کے تسلسل میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کا جائزہ لینے کے لئے آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریکٹر بنانے کے لئے خیرپور اکنامک زون بہت بہتر ہوگا کیونکہ خیرپور سندھ کے مرکز میں ہونے کے علاوہ پنجاپ ، بلوچستان کے قریب ہے اور تینوں صوبوں کے لئے معاشی طور پر سود مند بھی ہے انہوں نے کہا کہ بیلاروس کمپنی کی منیجمینٹ دیہی علاقوں میں اپنے پلانٹس قائم کرنے کے خواہاں ہیں ۔ اسی طرح سیکریٹری فنانس اور زراعت نے تجاویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ تمام مطلوبہ انفراسٹکچر پہلے ہی خیرپور اکنامک زون میں دستیاب ہے۔ HAROTYUNYAN ARMEN اور وفد کے دیگر اراکین نے کہا کہ ان کی مصنوعات آبادگاروں کے لئے 30تا 40فیصد تک سستی ہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ صوبہ سندھ میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔