صنعت کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں ریڑھ کی حیثیت رکھتی ہے،سکندر شیرپاؤ

صنعت کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں ریڑھ کی حیثیت رکھتی ہے،سکندر شیرپاؤ

پشاور(پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے سنےئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود سکندرحیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ صنعت کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں ریڑھ کی حیثیت رکھتی ہے اور صوبائی حکومت اس اہم شعبے کے فروغ کیلئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھارہی ہے تاکہ صوبے سے بے روزگاری کا خاتمہ اور معاشی ترقی کی منزل کو حاصل کیا جا سکے۔پشاور میں محکمہ صنعت اور اس کے ذیلی اداروں کے بارے میں دی جانے والی ایک بریفنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے سنےئر وزیر نے کہا کہ ہمارا صوبہ خوبصورت سیاحتی مقامات سمیت وافر پانی،گیس معدنیات اورتیل جیسے قیمتی قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کرنے کیلئے راغب کر کے ان وسائل سے بھر پور استفاد حاصل کیا جائے۔بریفنگ میں وزیر اعلی ٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم خان اور سیکرٹری صنعت ڈاکٹر آفتا ب اکبر درانی کے علاوہ سمال انڈسٹرئیل ڈیویلپمنٹ بورڈ ،سرحد ترقیاتی ادارہ، نظامت صنعت و تجارت ،گورنمنٹ پرنٹنگ اینڈ سٹیشنری ڈیپارٹمنٹ ،خیبر پختونخوابورڈ آ ف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور خیبر پختونخوا اکنامک زون ڈیویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے سربراہان نے بھی شرکت کی اور اپنے متعلقہ اداروں کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے،آئندہ کیلئے منصوبہ بندی اور ایشوز کے بارے میں سنےئر وزیر کو تفصیلی آگاہ کیا۔سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا کہ سیلاب اور عسکریت پسندی کی وجہ سے بیشتر سرمایہ کار ہمارے صوبے سے دیگر صوبوں کو منتقل ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے یہاں صنعتی شعبہ متاثر ہو چکا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ انہیں پرامن و سازگار ماحول فراہم کرکے واپس لا یا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے میں فنی تعلیم اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی کمی ہے جسکی وجہ سے مقامی صنعتوں میں صوبے سے باہر کے لوگ کام کررہے ہیں۔اس کمی کو پورا کرنے کیلئے فنی تعلیم کو فروغ دینا ہو گاجس سے بے روزگاری کے مسئلے پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے محکمہ صنعت کے افسران و اہلکاروں کو تلقین کی کہ وہ ٹیم سپرٹ کے تحت کام کرکے صوبے میں صنعتی شعبے کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔

مزید : پشاورصفحہ اول