کو ئی لاکھ شور مچائے قومی خزانہ لوٹنے والوں کا بلا امتیاز احتساب ضرور ہو گا،پرویز خٹک

کو ئی لاکھ شور مچائے قومی خزانہ لوٹنے والوں کا بلا امتیاز احتساب ضرور ہو ...

 چارسدہ(بیورورپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ کوئی لاکھ شور مچائے قومی خزانہ لوٹنے والوں کا بلا امتیاز احتساب ضرور کیا جائیگا۔ احتساب کمیشن با اختیار ہے اوریہ صوبائی اسمبلی میں تما م سیاسی پارٹیوں کی مشاورت سے بنائی گئی ہے ۔ احتساب کے ذریعے مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے الزام میں کوئی صداقت نہیں۔ اگر ہم چور ہیں اورملک و قوم کا دولت لوٹا ہے تو کمیشن بلا امتیاز ہمارا احتساب بھی کر سکتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی کے 17سے جے یو آئی کے ممبر صوبائی اسمبلی فضل شکور خان کی رہائش گاہ پر اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے فضل شکور خان، سپیکر پختون خواہ اسمبلی اسد قیصر،پی ٹی آئی کے صوبائی آرگنائزر فضل محمد خان، اور ایم پی اے منور خان بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت چھوٹے صوبوں کا حق مار رہی ہے ۔ پاک چائینہ اقتصادی راہداری منصوبہ میں وفاقی حکومت صوبہ خیبر پختون خوا کے ساتھ دھوکہ کررہی ہے اور اس کوشش میں ہے کہ اس منصوبے سے پختون خوا اور بلوچستان کے مقابلے میں زیادہ فائدہ پنجاب کو دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں چھوٹے صوبوں کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا جا رہا ہے۔ ہمارا صوبہ سب سے زیادہ بجلی پیدا کر رہاہے لیکن اس معاملے میں بھی ہمارے ساتھ ظلم ہو رہاہے۔ ہمیں بجلی کے اصل منافع میں اپنا پورا حصہ نہیں مل رہا اور سب سے زیادہ لوڈ شیڈنگ بھی اس صوبے میں کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے خیبر پختون خوا میں صنعتی ترقی کی رفتار سست ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے صنعتی ترقی ناگزیر ہے۔ صوبائی حکومت صوبے میں صنعتی ترقی کیلئے ماحول بنا رہی ہے اورمختلف علاقوں میں صنعتی زون لگائیگی ۔ایک سوال کے جواب میں وزیرا علیٰ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ملک کو قرضوں پر چلا رہی ہے اور بڑے پیمانے پر قرضے لئے جا رہے ہیں لیکن ان قرضوں کا فائدہ دیگر صوبوں کی بجائے صرف پنجاب کو ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ قومی ایکشن پلان پر عمل نہیں ہو رہا۔ خیبر پختون خوا میں قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کے نتیجہ میں صوبے میں حالات بہتری کی طرف گامزن ہیں ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر