راولپنڈی، 101 سالہ بزرگ قومی امانت لوٹانے کیلئے پولنگ سٹیشن پہنچ گئے ،ووٹ کاسٹ کردیا
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی اور پنجاب کے 12 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کیلئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے جس کے دوران لوگ اپنے اپنے حامیوں کی جیت کیلئے پولنگ سٹیشنز کا رخ کررہے ہیں لیکن کچھ بزرگ شہری ایسے بھی ہیں جنہیں کسی کی جیت یا ہار سے غرض نہیں بلکہ وہ تو قومی امانت قوم کو لوٹانے کیلئے پولنگ سٹیشن پہنچے ہیں۔ راولپنڈی کی یونین کونسل 32 میں 101 سالہ بزرگ شہری نے اسی مقدس قومی امانت کیلئے پولنگ سٹیشن کا رخ کیا اور اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یونین کونسل 32 میں 101 سالہ بزرگ شہری غلام عباس جو کہ چلنے پھرنے سے معذور ہیں اپنے بیٹے کے ہمراہ میلوں دوروہیل چیئر پر بیٹھ کر پولنگ سٹیشن پر پہنچے اور اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ووٹ قومی امانت ہے جو میرے اوپر فرض تھا اور وہی فرض پورا کرنے کیلئے میں نے ووٹ کاسٹ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس امیدوار کوووٹ ڈالا ہے وہ جیتے نہ جیتے اس سے کوئی سروکار نہیں ہے۔