بلدیاتی الیکشن کا تیسرا مرحلہ،کراچی اور پنجاب میں تصادم، مارکٹائی ، راولپنڈی میں راجہ بشارت کا بھانجا ،گجرات میں 3 افراد قتل، ق لیگ کا چیئرمین زخمی

بلدیاتی الیکشن کا تیسرا مرحلہ،کراچی اور پنجاب میں تصادم، مارکٹائی ، ...
بلدیاتی الیکشن کا تیسرا مرحلہ،کراچی اور پنجاب میں تصادم، مارکٹائی ، راولپنڈی میں راجہ بشارت کا بھانجا ،گجرات میں 3 افراد قتل، ق لیگ کا چیئرمین زخمی

  


لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک) بلدیاتی الیکشن کے تیسرے مرحلے میں کراچی اور پنجاب کے شہروں میں جگہ جگہ لڑائی اور مارکٹائی کے واقعات پیش آئے جن میں متعددسیاسی کارکن زخمی ہوئے جن کو ہسپتالوں میں داخل کرادیا گیا ہے۔ ان واقعات میں کئی میڈیا کارکنوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔راولپنڈی کی یوسی 86میں آزاد امیدواروں کے حامیوں میں فائرنگ سے سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت کا بھانجا راجہ شعیب جاں بحق ہوگیا۔دو دیگر کارکن زخمی بھی ہوئے۔شعیب قومی جونئیر ہاکی ٹیم کا کھلاڑی تھا۔پولیس نے قاتل کو اسلحہ سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ گجرات میں ق لیگ کے نومنتخب چیئرمین بدر افضل  کی گاڑی پر فائرنگ سے تین افراد جان کی بازی ہار گئے ان میں ایک بچہ بھی شامل ہے جو اس وقت وہاں سے گزر رہا تھا۔بدر افضل سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔ملتان کی یوسی 36کی وارڈ 1 میں پی ٹی آئی اور ن لیگی کارکنوں میں تصادم کے دوران کرسیاں چل گئیں۔ کراچی میں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، پی ٹی آئی اور حقیقی کے کارکن مدمقابل آگئے جس میں متعدد کارکن زخمی ہوئے۔کراچی میں سارا دن مختلف پولنگ سٹیشنوں پر مارکٹائی ہوتی رہی۔پنجاب میں بھی کئی جگہوں پر پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکنوں میں لڑائی ہوتی رہی۔جھنگ میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کارکنوں میں اس وقت تصادم ہوگیا جب ایک پولنگ سٹیشن پرایک شخص جعلی ووٹ ڈالنے پر پکڑا گیا جس کی شناخت ن لیگ کے کارکن کے نام سے ہوئی لیکن پولیس نے اس کو چھوڑ دیا جس کے بعد پی ٹی آئی کے کارکن مشتعل ہوگئے اور مارکٹائی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔کراچی کی یوسی 31میں کارکن آپس میں الجھ گئے جس سے پولنگ سٹیشن میدان جنگ بن گیا۔سیالکوٹ کے حاجی پورہ پولنگ سٹیشن پر پولیس نے احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکن پر شدید تشدد کیا اور اس کو گھسیٹے ہوئے تھانے لے گئے۔محکمہ ساخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق پنجاب میں لڑائی جھگڑوں پر 15افراد زخمی اور ایک قتل ہوا۔ سیالکوٹ میں ن لیگ کے کارکنوں نے پولیس پر حملہ کیا اور پتھراو کیا جواب میں پولیس نے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی۔

مزید : راولپنڈی /اہم خبریں