موبائل فون ڈیلرز کے تحفظات دور کرکے ٹیکس نظام میں آسانی لائینگے:ہارون اختر

موبائل فون ڈیلرز کے تحفظات دور کرکے ٹیکس نظام میں آسانی لائینگے:ہارون اختر

لاہور(کامرس رپورٹر)وزیر اعظم کے مشیر برائے ریو نیو ہارون اخترنے کہا ہے کہ مو بائل فون کے حوالے سے ڈیلرز کے تحفظات دور کر کے ٹیکس نظام میں آسانیاں لائیں گے اور در پیش مسائل کے حل کے لیے فی الفور اقدامات اٹھائیں گے جس سے نہ صرف ڈیلرز کو ریلیف ملے گا بلکہ حکومتی ریونیو میں بھی اضافہ ممکن ہوگا۔ گزشتہ روز آل پاکستان موبائل فون ایسوسی ایشن کا ٹیکس اصلاحات ایجنڈے پرخصوصی اجلاس ایف بی آر کے دفتر میں منعقد ہوا جس میں مشیر وزیراعظم برائے ریونیوہارون اختر، ممبر قومی اسمبلی میاں عبدالمنان ، سینٹر سلیم ضیاء سمیت آل پاکستان موبائل فون ڈیلرز ایسویسی ایشن کے صدر بابرمحمود ، سرپرست اعلیٰ میاں آفتاب ،جنرل سیکرٹری ساجد بٹ ،تاجررہنما ء محمد اعظم ، معظم علی خان ، سلیم اصغر بھٹی، میاں جمیل احمد ، شہباز احمد گل ودیگر نے شرکت کی ۔موبائل فون ڈیلرز ایسویسی ایشن کے عہدیداران نے حکومتی شخصیات پر زور دیا کہ ٹیکس نیٹ میں تاجروں کو لانے کیلئے مربوط اور شفاف نظام کا وضع کرنا انتہائی ناگزیرہے ۔ غیر ضروری ٹیکسوں کی بھر مارتاجر برادری کا معاشی قتل ہے ۔ حکومت مناسب اور جائز ٹیکسوں کا نفاذ کرے تاکہ تاجر برادری حسب روایت ملکی ترقی وخوشحالی کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کرسکے ۔ حکومتی وفد نے صدر موبائل فون ڈیلرز ایسویسی ایشن بابر محمود سمیت دیگرتاجر رہنماؤں کو یقین دلایاکہ ٹیکس کے نظام میں بہتری لانے کیلئے مذکورہ تجاویز کو زیرغور لاکر مسائل اور پیچید گیوں کا خاتمہ کریں گے ۔

مزید : کامرس