سارک چیمبر کے صدر5 روزہ دورے پرآج پاکستان پہنچیں گے
لاہور(کامرس رپورٹر) سارک چیمبر آف کامرس کے صدر سوراج ویدیا (آج) پانچ روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ وہ اس دورے کے دوران مقامی کاروباری شخصیات اور سرکاری حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں خطے میں اقتصادی سرگرمیوں، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے سارک چیمبر کی کوششوں کو تیز کرنے کے لئے تبادلہ خیالات کریں گے۔ یہ بات سارک چیمبر کے نائب صدر افتخار علی ملک نے بتائی۔
انہوں نے کہا کہ نیپال سے تعلق رکھنے والے معروف صنعت کار اور سرمایہ کار سوراج ویدیا (آج) منگل کو کراچی پہنچیں گے جہاں وہ سرکردہ کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ 6 دسمبر کو اسلام آباد میں پہنچیں گے جہاں وہ تاجروں اور اہم حکومتی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ صدر سارک چیمبر نے انہیں اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اپنی توجہ سرمایہ کاری کو بہتر بنانے اور سارک صنعتی پارکوں کے قیام پر مرکوز رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خطہ کی خوشحالی کے لئے اس پلیٹ فارم کے استعمال میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم اپنی حقیقی صلاحیت کا بھر پور استعمال کریں تو یہ خطہ آئندہ دہائیوں میں زیادہ تیز رفتاری سے ترقی کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کی سماجی و اقتصادی بہتری کے لئے خطے کا نجی شعبہ سرگرم عمل ہے اور کاروباری برادری کو یقین ہے کہ روزگار کے مواقع اور غربت میں کمی سمیت خطے کے بڑے
چیلنجوں کو حل کرنے میں علاقائی اقتصادی انضمام، ہم آہنگی اور معاونت کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔