انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ بند کرنے کے بجائے تنظیم نو کی جائے: فاؤنڈرز گروپ

انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ بند کرنے کے بجائے تنظیم نو کی جائے: فاؤنڈرز گروپ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر) فاؤنڈرز گروپ نے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کو بند کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے حکومت سے اس اہم ادارے کی تنظیم نو کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ فاؤنڈرز گروپ کے ہنگامی اجلاس میں فاؤنڈرز گروپ کے لیڈرز میاں محمد اشرف، محسن رضا بخاری، افتخار علی ملک، شیخ محمد آصف ، فاروق افتخار و دیگر رہنماؤں نے کہا کہ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ ایک اہم قومی ادارہ ہے جسے بند کردینا نقصان دہ ثابت ہوگا۔ اس سے سرمایہ کاروں کی حوصلہ شکنی اور ہوگی اور بین الاقوامی سطح پر منفی پیغام جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ میں کوئی مسئلہ ہے تو انتظامی امور درست کرکے اور اس کی باگ ڈور کسی اہل شخصیت کے ہاتھوں میں دیکر مسائل باآسانی حل کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسی طرح قومی اداروں کو درست کرنے کے بجائے بند کرنے جیسے آسان اقدامات پر عمل کیا جاتا رہا تو معیشت کو بھاری نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کی بندش سے بالخصوص آٹو انڈسٹری بری طرح متاثر ہوگا۔ موجودہ حالات میں جب دنیا بھر میں انجینئرنگ انڈسٹری کی بہتری کے لیے کام کیا جارہا ہے، پاکستان میں انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کو بند کرنا انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کی سربراہی کسی باصلاحیت اور مخلص شخصیت کو سونپے جو اس اہم ادارے کی جلد بحالی کا فریضہ سرانجام دے سکے۔


فاؤنڈرز گروپ کے اجلاس میں اعجاز بٹ، مصباح الرحمن، شاہد حسن شیخ، عبدالباسط، خواجہ خاور رشید اور ذیشان خلیل بھی موجود شریک تھے۔

مزید :

کامرس -