ویلنگٹن ٹیسٹ ، نیوزی لینڈ نے کالی آندھی کو اننگز اور 67رنز سے ہرا دیا

ویلنگٹن ٹیسٹ ، نیوزی لینڈ نے کالی آندھی کو اننگز اور 67رنز سے ہرا دیا

ویلنگٹن(نیٹ نیوز) نیوزی لینڈ نے ویلنگٹن ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو اننگز اور 67 رنز سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ ویسٹ انڈین ٹیم دوسری اننگز میں 319 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کریگ براتھویٹ 91 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ میٹ ہینری نے تین جبکہ نیل ویگنر، ٹرینٹ بولٹ اور گرینڈہوم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ویگنر کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو ٹیسٹ کے چوتھے روز ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 214 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو کریگ براتھویٹ 79 اور شائی ہوپ 21 پر کھیل رہے تھے، براتھویٹ نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے اور 91 رنز بنانے کے بعد سینٹنر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ شائی ہوپ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 37 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 273 کے مجموعی سکور پر ویسٹ انڈیز کو پانچواں نقصان اٹھانا پڑا جب روسٹن چیز 18 رنز بنانے کے بعد میٹ ہینری کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ سنیل ایمبرس بھی 18 رنز بنانے کے بعد گرینڈ ہوم کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد ویسٹ انڈیز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 319 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ شین ڈورچ 3 ، جیسن ہولڈر 7 ، کمنز 14 اور کیمار روچ 7 رنز بنا سکے۔ اس طرح ویسٹ انڈیزکو اننگز اور 67 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میٹ ہینری نے تین جبکہ نیل ویگنر، گرینڈ ہوم اور ٹرینٹ بولٹ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ نیل ویگنر کو پہلی اننگز میں 7 وکٹیں لینے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی