سابق جی ایم پی ٹی وی رفیق وڑائچ کی وفات پر عطا الحق قاسمی اور دیگر کا اظہار افسوس

سابق جی ایم پی ٹی وی رفیق وڑائچ کی وفات پر عطا الحق قاسمی اور دیگر کا اظہار ...

لاہور(فلم رپورٹر) پاکستان ٹیلی ویژن لاہور کے سابق جنرل منیجر رفیق وڑائچ کی وفات پر پی ٹی وی کے چیئرمین عطا الحق قاسمی ،ڈائریکٹر پروگرام ذوالفقار احمد،سید سہیل بخاری، پی ٹی وی لاہور سینٹر کے جنرل منیجر لاہور عبدالحمید قاضی اورتمام شعبہ جات کے سربراہان نے رفیق وڑائچ کی وفات پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے ۔ڈیفنس این بلاک میں ان کی نماز جنازہ اور تدفین میں پی ٹی وی اور شوبز سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ مرحوم کا شمار پی ٹی وی کے بانی پروڈیوسرز میں ہوتا ہے انہوں نے 70کی دہائی کے وسط میں پاکستان ٹیلی ویژن لاہور سینٹر میں بطور پروگرام پروڈیوسر شمولیت اختیار کی ۔پی ٹی وی کی معروف ڈرامہ سیریل "کاغذ" آپ ہی کی تخلیق ہے ۔ آپ کی زیادہ تر خدمات میوزک کے میدان میں ہیں۔

میوزک پروگرام فن اور فنکار، آبشار اور لوک رقص کا شمار آپ کے نمایاں پروگرامز میں ہوتا ہے ۔پی ٹی وی لاہور سے آپ کا تبادلہ پشاور سینٹر ہو گیا جہاں آپ نے بطور جنرل منیجر پشاور سینٹر خدمات انجام دیں ۔ اپنی سروس کے آخری ایام میں آپ پی ٹی وی لاہور سینٹر میں جنرل منیجر کے طور پر اپنے فرائض انجام دے رہے تھے ۔آپ کچھ عرصہ پی ٹی وی ہیڈ کورٹر میں کنٹرولر پروگرام بھی رہے ۔پی ٹی وی لاہور سینٹر کی مسجد میں آپ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لئے دعائے خیر بھی کروائی گئی۔

مزید : کلچر