امید ہے آج فیصلہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے حق میں آئے گا، خرم نواز

امید ہے آج فیصلہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے حق میں آئے گا، خرم نواز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ امید ہے آج جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کے حوالے سے حکومتی اپیل پرمحفوظ فیصلہ مظلوموں اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے حق میں آئے گا۔ اعلیٰ عدلیہ سے انصاف کی امید ہے۔ عوامی تحریک کے سینئر رہنما اور وکلاء فیصلہ سننے آج عدالت میں آئینگے۔ خرم نواز گنڈاپور نے عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساڑھے تین سال کا ہر دن انصاف کیلئے عدلیہ کے فلورپر قانونی جدوجہد کی۔ کسی بھی مرحلے پر قانون ہاتھ میں نہیں لیا۔ ہم پرامید ہیں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء اور لواحقین سے انصاف ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس میں رتی برابر بھی شک نہیں ہے کہ 17 جون 2014 ء کے دن ماڈل ٹاؤن میں شریف برادران کے حکم پر پولیس نے خون کی ہولی کھیلی،100 لوگوں کو گولیاں ماریں اور 14 کو شہید کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ مظلوموں کا خون بہانے پر اشرافیہ آج ذلیل و رسوا ہورہی ہے۔ یہ ابھی ابتداء ہے ۔ان کا عبرتناک انجام دنیا دیکھے گی۔
کرپشن کیسز میں یہ جیل جائینگے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں پھانسیاں چڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ ورثاء کا بنیادی حق ہے یہ حق انہیں آئین نے دیا ہے۔ ورثاء نے جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کے حصول کیلئے آئین کے آرٹیکل 19A کے تحت لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دی تھی جس پر ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے رپورٹ ورثاء کو دینے کا حکم دیا اس فیصلہ پر پنجاب حکومت انٹراکورٹ اپیل میں چلی گئی۔ انٹراکورٹ اپیل میں فل بنچ نے سماعت کی اور فیصلہ محفوظ کر لیا یہ محفوظ فیصلہ آج سنایاجائیگا۔اجلاس میں صدر سنٹرل پنجاب بشارت جسپال،صدر جنوبی پنجاب فیاض وڑائچ، جنرل سیکرٹری میاں ریحان مقبول،سیکرٹری اطلاعات پنجاب عارف چودھری ،راجہ زاہد محمود، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، میاں محمد رضا، آصف سلہریاایڈووکیٹ ، قمر الثاقب، وسیم ہمایوں، قاری مظہر فریدو دیگر رہنما شریک تھے۔