کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کا اجلاس ، آئندہ سیزن کی منصوبہ بندی ، ادویات کی رپورٹ تیار کرنے کا فیصلہ

کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کا اجلاس ، آئندہ سیزن کی منصوبہ بندی ، ادویات کی ...

لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر سپشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے تمام متعلقہ سرکاری محکموں اور اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ڈینگی کے آئندہ سیزن کے لئے پلاننگ شروع کردیں۔ ادویات، سپرے پمپس، فوگرز اور دیگر آلات کی سٹاک ٹیکنگ کرکے درکار وسائل کے بارے میں کیس تیار کریں تاکہ حکومت بروقت اقدامات کرسکے۔ وزیر صحت نے پنجاب میں رواں سال ڈینگی پر موثر طور پر قابو پانے میں کامیابی کو تمام متعلقہ محکموں کی مربوط کوششوں اور موثر اقدامات کا ثمر قرار دیتے ہوئے کہا کہ لرننگ لیسن یہ ہے کہ مشترکہ کوششوں اور محنت سے بڑے سے بڑے چیلنج سے نمٹا جاسکتا ہے انہوں نے ان خیالات کا اظہار سول سکرٹریٹ کمیٹی روم میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پیر اشرف رسول ایم پی اے کے علاوہ تمام متعلقہ محکموں کے سینیئر افسران، ڈی سی لاہور،سمیر احمد سید ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر اختر رشیدملک، پروفیسر وسیم اکرم، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر فرخ سلطان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ صحت کے افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی کارروائی میں حصہ لیا۔ ڈاکٹر فرخ سلطان نے اجلاس کو بتایا کہ 2016میں پنجاب میں ڈینگی کے کل 4968 مریض رپورٹ ہوئے تھے جبکہ 2017میں یہ تعداد 1032رہی جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال لاہور میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 402تھی جو رواں سال نمایاں طور پر کم ہوکر صرف 74پر آگئی۔خواجہ سلمان رفیق نے تمام محکموں کی محنت اور مشترکہ کاوشوں پر افسروں اور ورکرز کو سراہتے ہوئے ڈینگی پر قابو پانے پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی پر مکمل کنٹرول تمام محکموں کے درمیان کوارڈنیشن کی بہترین مثال ہے ۔

سلمان رفیق

مزید : میٹروپولیٹن 1