شیخ زاید ہسپتال ، جونیئر ٹیکنیشن کی آسامیوں پر بھرتی کا عمل مکمل ، چیئر مین نے لیٹر تقسیم کئے

شیخ زاید ہسپتال ، جونیئر ٹیکنیشن کی آسامیوں پر بھرتی کا عمل مکمل ، چیئر مین ...

لاہور(جنرل رپورٹر)شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس لاہور میں پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان چیئرمین اینڈ ڈین شیخ زاید کی سربراہی میں جونئیرٹیکنیشن کی مشتہر شدہ21 خالی آسامیوں پر ڈیپارٹمنٹل پروموشن اینڈ سلیکشن کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں شفاف اور میرٹ کے عین مطابق بھرتی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔ جن میں شیخ زایدہسپتال کے عرصہ دراز سے ڈیلی ویجز اور لوئر گریڈز پر کام کرنے والے 13 ملازمین کو بھی میرٹ کے مطابق پورا اترنے پر ترجیحی طور پر مستقل بنیادوں پر بھرتی کیا گیا ہے۔نئے بھرتی ہونے والے ملازمین میں جاب لیٹرز اور بہترین کارگردگی دکھانے والے ملازمین میں انعامات تقسیم کرنے کیلئے ہسپتال کے آڈیٹوریم میں مشترکہ طور پر ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان چیئرمین اینڈ ڈین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر ہسپتال کے فیکلٹی ممبران ، انتظامی افسران ، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔چیئرمین اینڈ ڈین نے بطور جونئیر ٹیکنیشن بھرتی ہونے والے13 ملازمین میں جاب لیٹرز تقسیم کیے اور حکومت پنجاب کے آرڈرز کے مطابق بہترین کارگردگی دکھانے والے16 ملازمین میں ایک ایک موجودہ بنیادی تنخواہ اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان کا کہنا تھا کہ ادارہ میں کام کرنے والے تمام ملازمین کو انکے جائز حقوق دینے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے جدوجہد تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائے گی، ملازمین کو بروقت ترقی ملنا ہر ملازم کا حق ہے۔

شیخ زاید

مزید : میٹروپولیٹن 1