نوازشریف صاحبزادی کے ہمراہ سخت سکیورٹی میں احتساب عدالت پہنچے

نوازشریف صاحبزادی کے ہمراہ سخت سکیورٹی میں احتساب عدالت پہنچے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (آئی این پی) احتساب عدالت میں پیش کے لئے سابق وزیراعظم اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ جوڈیشل کمپلیکس پہنچے جبکہ کیپٹن (ر) صفدر نواز شریف اور مریم نواز کی آمد کے 15منٹ بعد عدالت پہنچے‘ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر لیگی کارکنان نے نواز شریف کا بھرپور استقبال کیا اور ان کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ سابق وزیراعظم پہلی بار کمرہ عدالت میں پچھلی نشست پر کچھ دیر کے لئے بیٹھے اور اپنے وکیل خواجہ حارث سے بات چیت کی۔ جونہی کیس کی سماعت شروع ہوئی تو نواز شریف اگلی نشست پر آگئے۔ مریم نواز پہلی نشست پر براجمان رہیں۔ سینیٹر پرویز رشید جب کمرہ عدالت میں پہنچے تو مریم نواز نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا اور ان کو اپنے ساتھ والی نشست پر بٹھایا۔ طارق فاطمی ایک بار پھر کوئی نشست نہ ملنے پر کمرہ عدالت میں کھڑے رہے جس پر نواز شریف نے انہیں بیٹھنے کا کہا۔سماعت کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ پولیس کی معاونت کے لئے ایف سی کے دستے تعینات تھے۔ جوڈیشل کمپلیکس کی طرف جانے والے راستے خار دار تاریں لگا کر بند کردیئے گئے تھے۔ سابق وزیراعظم کی احتساب عدالت موجودگی کے دوران کسی بھی شخص کو جوڈیشل کمپلیکس جانے کی اجازت نہ تھی۔ احاطہ عدالت اور کمرہ عدالت میں صرف وہی جا سکتا تھا جس کا نام پہلے سے تیار کی گئی فہرست میں موجود تھا۔ سابق وزیراعظم جوڈیشل کمپلیکس سے پنجاب ہاؤس کے لئے سخت سکیورٹی میں روانہ ہوئے۔
پیشی

مزید :

صفحہ آخر -