مزدورخوشحال کئے بغیرملکی معیشت کو مستحکم نہیں کیا جا سکتا ، رفیق رجوانہ

مزدورخوشحال کئے بغیرملکی معیشت کو مستحکم نہیں کیا جا سکتا ، رفیق رجوانہ

لاہور( نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ مزدور کو خوشحال کئے بغیرملکی معیشت کو مستحکم نہیں کیا جا سکتا ‘ یہی وجہ ہے کہ ملک کی موجودہ قیادت مزدوروں کی فلاح و بہبوداور ان کی معاشی خوشحالی کے لئے عملی طور پر کوشاں ہیں۔گورنر پنجاب نے کہاکہ آج ملک کے طول وارض میں جو میگا ترقیاتی منصوبے جاری ہیں اس سے نہ صرف عام آدمی کا معیار زندگی بہتر ہو رہا ہے بلکہ اس سے لاکھوں کی تعدادمیں روزگار کے مواقع بھی میسر ہو رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ(ن)کے لیبر ونگ کے 22رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔جنہوں نے چوہدری شہزادانور کی قیادت میں گورنر ہاوس لاہور ان سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آج کا پاکستان2013ء کے پاکستان سے ہر لحاظ سے بہتر ہے جہاں نہ صرف انفراسٹرکچر کے شعبے میں بہتری آئی ہے بلکہ سوشل سیکٹر میں بھی واضح ترقی ہوئی ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ حکومت مزدور کو اس کا جائز حق دلانے کے لیے عملی طور پر سرگرم عمل ہے ، اس وقت مزدور کی کم از کم اجرت کو بلند ترین سطح پر لے جانے کا کریڈٹ بھی موجودہ قیادت کو جاتا ہے جبکہ صنعتوں اور فیکٹریوں میں کارکنوں اور مزدوروں کے لیے ساز ماحول فراہم کرنے اور لیبرلاز پر من و عن عمل درآمد کرانے کے لیے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت اپنی عوام دوست پالیسیوں کی بدولت انشاء اللہ2018 ء میں بھی سرخرو ہو گی ۔وفد نے مزدوروں کی فلاح و بہبود ، خاص طور پر اولڈ ایج بینیفٹ کو یقینی بنانے کے حوالے سے گورنر پنجاب کو تجاویز دیں جن کے حل کے لیے گورنرپنجاب نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزید : صفحہ آخر