آدمی عہدے سے نہیں اپنے کام سے بڑا ہوتا ہے، جسٹس اعجاز افضل خان

آدمی عہدے سے نہیں اپنے کام سے بڑا ہوتا ہے، جسٹس اعجاز افضل خان

یبٹ آباد(آن لائن) سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز افضل خان نے کہا ہے کہ آدمی عہدے کی بجائے اپنے کام سے بڑا ہوتا ہے، کاغانین اولڈ سٹوڈنٹس یونین کے قیام سے ایک بڑے انقلاب کی ابتدا دیکھ رہے ہیں جو رک نہیں سکتی۔ وہ گذشتہ روز پوسٹ گریجویٹ کالج نمبر1 ایبٹ آباد میں چوتھی کاغانین اولڈ سٹوڈنٹس یونین کے انتخابی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب میں 1954 سے 2000 تک تعلیم حاصل کرنے والے سابق طالب علم شریک تھے۔ اس موقع پر کالج کے سب سے پرانے طالب علم سید نور محمد شاہ کے علاوہ صدر کاغانین خالد مسعود اور سابق سیکرٹری سید صدیق شاہ بخاری نے بھی خطاب کیا۔ پرنسپل پروفیسر تاج محمد نے کالج کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ نظامت کے فرائض نو منتخب جنرل سیکرٹری ونگ کمانڈر(ر)ایاز خان جدون نے انجام دئے۔مہمان خصوصی جسٹس اعجاز افضل خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کوئی شخص عہدے اور دولت سے بڑا نہیں ہوتا بلکہ زندگی میں اپنے کام کی وجہ سے اسے عزت نصیب ہوتی ہے۔ کاغانین اولڈ سٹوڈنٹس ری یونین کے قیام کو بہتر مستقبل کی جانب قدم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم سے دوسروں کی ضروریات پوری کرنے اور انہیں ترجیح دینے کا جو سلسلہ شروع ہوا ہے اس کے مفید نتائج نکلیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے یونین کیلئے ایک لاکھ روپے کا عطیہ بھی دیا۔ قبل ازیں انہوں نے صدر خالد مسعود اور طارق تنولی ایڈووکیٹ کی معیت میں کالج کے 19 طلبا و طالبات میں مالی مدد کے چیک تقسیم کئے۔ اس سے قبل ہال میں موجود سینئر ترین رکن سید نور محمد شاہ نے اپنے خطاب میں پاکستان کو نعمت خداوندی قرار دیتے ہوئے کہا یہ تاابد قائم رہے گا۔انہوں نے انڈوومنٹ فنڈکے استعمال کو کالج کا نام زندہ کرنے سے تعبیر کرتے ہوئے اس میں اضافہ اور زیادہ ثمرات سے مستفید کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ یونین کے صدر اے آئی جی (ر)خالد مسعود نے بتایا کہ انڈوومنٹ فنڈ سے نادار طلبا کے علاوہ سابق کاغانینز کی بھی مدد کی جائے گی۔ پرنسپل پروفیسر تاج محمد نے بتایا کہ کالج کے ہونہار طلبا نے بورڈ اور یونیورسٹی امتحانات میں اہم پوزیشنیں حاصل کرنے کے علاوہ مقامی، صوبائی، ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ اس موقع پر یونین کی نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔

جسٹس اعجاز افضل خان

مزید : علاقائی