کرپشن ریفرنس،شرجیل میمن اور دیگر ملزموں پر فرد جرم موخر

کرپشن ریفرنس،شرجیل میمن اور دیگر ملزموں پر فرد جرم موخر

کراچی (آن لائن)احتساب عدالت نے محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے 6 ارب روپے کے کرپشن ریفرنس میں سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن اور دیگر ملزموں پر فرد جرم موخر کردی ہے۔کراچی کی احتساب عدالت میں محکمہ اطلاعات سندھ میں مبینہ کرپشن سے متعلق نیب ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن اور دیگر ملزم پیش ہوئے۔ شرجیل میمن کے وکیل نے میڈیکل بورڈ کی تشکیل کے لیے درخواست جمع کرا ئی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شرجیل میمن شدید علیل ہیں، عدالت اپنی نگرانی میں میڈیکل بورڈ تشکیل دے، بروقت علاج نہ کیا گیا تو شرجیل میمن کی زندگی کو ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے۔سماعت سے قبل شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیماری کے باوجود مجھے علاج کی بہتر سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں۔ صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ کو جیل میں وی آئی پی پروٹوکول دیا جارہا ہے۔ شرجیل میمن نے جواب میں کہا کہ وی آئی پی ٹریٹمنٹ کی باتیں کرنیوالے ایک دن جیل میں میرے ساتھ رہ کر دکھائیں۔

مزید : علاقائی