خارجہ پالیسی پر ابھی تک حکومت نے کوئی لائحہ عمل شیئر نہیں کیا: پیپلز پارٹی

خارجہ پالیسی پر ابھی تک حکومت نے کوئی لائحہ عمل شیئر نہیں کیا: پیپلز پارٹی

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء شیری رحمان نے کہا ہے خارجہ پالیسی پر اہم گھڑی آئی ہے ،ابھی تک حکومت نے کوئی لائحہ عمل شیئر نہیں کیا ،امریکی وزیر دفاع کے دورہ پاکستان پر پالیسی ہوگی ابھی تک پارلیمان کو اعتماد میں نہیں لیاگیا ،ہمیں الفاظ میں پڑنے کی بجائے امریکہ سے واضح طور پر پوچھنا چاہیے ،اب تک افغانستان میں آپ نے کیا کامیابی حاصل کی ،صاف پوچھیں افغانستان میں امن کس طرح قائم ہوگا،بین الاقوامی سطح پر ہم اپنا موقف واضح طور پر پیش کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے،ہم پوچھنا حق سمجھتے ہیں حکومت کا تعمیری کردار کیا ہے ۔آپ نے کس لیول پر ایران، سعودی عرب، چین اور دوسرے ممالک سے بات ، معاملات طے کرناہیں ،افسوس خارجہ پالیسی میں سول حکومت کا کوئی عمل دخل نظر نہیں آرہا۔گزشتہ دو ماہ سے نیشنل سکیورٹی کمیٹی تک تشکیل نہیں دی گئی ۔ گزشتہ روز پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں انکا مزید کہنا تھاآپ کو پارلیمنٹ کو قوت کے طور پر استعمال کرنا چاہیے ،ہم نے اپنے دور میں 7 ماہ نیٹو فوج کی سپلائی بند رکھی جب تک سلالہ سانحہ پر معافی نہیں مانگی گئی ۔نومور اور ڈومور الفاظ تک ہیں، آگے کا سوچنا ہوگا۔ خطے کے مسائل صرف پاکستان کے بنائے نہیں دوسرے ممالک بھی شامل ہیں، گزشتہ چار سال میں خا ر جہ پالیسی میں خلا رہا جسے کسی نے تو پورا کرنا تھا۔اس موقع پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھاکوئی ضیا الحق کی پیداوار ہے تو کوئی کسی اور ڈکٹیٹر کی،پیپلز پارٹی لوگوں کیلئے جنگ کرتی ہے، اقتدار کیلئے نہیں۔ ہم بلاول کی قیادت میں نئے سورج کی طرف جا رہے ہیں۔بلاول اپنے نانا اور اپنی ماں کی طرح لوگوں کی خدمت کریں گے۔پیپلز پارٹی کاخواب لوگوں کی بھوک مٹانا، غربت دور کرنا ہے۔پیپلز پارٹی بھٹو کے خواب کو پورا کرے گی ۔نیئر حسین بخاری کا کہنا تھا آنیوالا دور پیپلز پارٹی کا ہے،پیپلز پارٹی ہر طرح کے امتحان سے گزری ہے ۔قمر زمان کائر ہ کا کہنا تھا ہم غریب کے آنسو پو چھیں گے ۔ طا لبا ن خان کا پاکستان لوگوں کو منظور نہیں،پیپلز پارٹی کا جمہوری اور روشن خیال پاکستان لوگ پسند کرتے ہیں۔ پریڈ گراؤنڈ جلسہ میں بلاول پاکستان کے مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے ۔مصطفی نواز کھوکھر نے کہا پیپلز پارٹی نے چند دنوں میں بڑے جلسے کی تیاری کر لی ہے۔

پیپلز پارٹی

مزید : علاقائی