مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار داد وں پر عمل کرنے سے ہی ممکن ہے : دفتر خارجہ

مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار داد وں پر عمل کرنے سے ہی ممکن ہے : دفتر ...

اسلام آباد ( آن لائن ) پاکستان نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا واحدحل اقوام متحدہ کی جانب سے منظور شدہ قراردادوں پر عمل کرنے سے ہی ممکن ہے ،دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جموں وکشمیر پر غیرملکی قبضے کے خلاف قرارداد پیش کی۔ بیان کے مطابق پاکستان یہ قرارداد گزشتہ چار دہائیوں سے ہر سال پیش کررہا ہے، قرارداد کے مطابق بھارت گزشتہ چار دہائیوں سے جموں وکشمیر کے معصوم افراد پر غیرانسانی سلوک کررہا ہے اور انکی آزادی رائے کے حق کو سلب کئے ہوئے ہے، پاکستان نے قرارداد میں موقف اختیار کیا ہے کہ بھارت کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم کے بارے میں بین الاقوامی سطح پر غیرتسلی بخش جواز پیش کررہا ہے۔یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کی شہادت کے بعد مسلسل کرفیو کا منظر ہے اور آئے روز بھارتی افواج کی نہتے کشمیریوں کو شہید اور خواتین کی عصمت دری کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ بھارتی فوج کی جانب سے مظلوم کشمیریوں پر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی اطلاعات بھی موصول ہورہی ہیں۔بھارتی فوج کی جانب سے برہان وانی کی شہادت کے بعد سینکڑوں نوجوانوں کو شہید اور ہزاروں کی تعداد میں مرد وخواتین کو پیلٹ گن سے معذورکیا جارہا ہے۔جبکہ کشیدگی کے باعث متعدد حریت راہنماؤں کو مسلسل نظر بندکیا گیا ہے۔

دفترخارجہ

مزید : علاقائی