شوکاز نوٹس کاایسا جواب دوں گا سب کو چپ لگ جائے گی :رضا حیات ہراج

شوکاز نوٹس کاایسا جواب دوں گا سب کو چپ لگ جائے گی :رضا حیات ہراج

اسلام آباد(آئی این پی)سابق وزیر مملکت اور مسلم لیگ (ن) کے منحرف رکن قومی اسمبلی رضا حیات ہراج نے کہا ہے پارٹی مجھے ایک نہیں سومرتبہ شوکاز نوٹس دے میں اسوقت تک پارٹی نہیں چھوڑوں گا جب تک مجھے نکال نہیں دیا جاتا، میں موجودہ حالات میں بھی نوازشریف اور پارٹی کیساتھ ہوں ، میں نے میر ظفر اللہ جمالی کی طرح قومی اسمبلی میں کھڑے ہو کر پارٹی کیخلاف ووٹ نہیں دیا ، گھر بیٹھ کر خاموش رہا جس کی سزا میں شوکاز دیا جارہا ہے ، مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی طرف سے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر دیے گئے شوکاز نوٹس پر ردعمل میں انکا کہنا تھا میں اداروں کی تضحیک برداشت نہیں کرسکتا، سیاست ہم ضرور کریں گے لیکن فوج کو گالی دیں نہ اداروں کو نشانہ بنائیں گے ۔ شوکاز نوٹس کا جواب ایسا دوں گا کہ کوئی بھی اس کا مجھے مزید جواب نہیں دے گا۔ اسحاق ڈار نے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا اور دنیا بھر میں پاکستان کو بدنام کیا،ا س کو شوکاز نوٹس کیوں نہیں دیا جاتا کیا اس کو نوٹس دینے سے یہ لوگ ڈرتے ہیں ۔ میرے دادا اور والد کا نام دنیا جانتی ہے ، اسحاق ڈار بھی اپنے دادا کا نام بتا دیں ۔انوشہ رحمان کو بھی نوٹس دیا جاتا جس نے غیر ملکی سفیروں کو متنازعہ خط لکھا ۔ نیب کو مطلوب لوگ آج بھی وفاقی وزیر ہیں ۔

رضا حیات ہراج

مزید : صفحہ اول