نواز شریف کا سیاست سے دورہونا جمہوریت اور پارٹی کیلئے بہتر ہو گا : بلاول بھٹو زرداری
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے ملک کی جمہوریت اور (ن) لیگ کیلئے بہتر ہوگا نوا ز شر یف سیاست سے دور ہوجائیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا پینے کے صاف پانی کا بحران پورے ملک کو متاثر کر رہا ہے، حکومت سندھ نے پانی کے مسئلے کے حل کیلئے عملی اقدامات کیے ہیں اور صاف پانی کیلئے صوبے بھر میں آر او پلانٹس لگا ئے جا رہے ہیں، سندھ میں ڈیمز کی تعمیر کیساتھ نہروں کو بھی پکا کیا جا رہا ہے، خوشی ہے وزیراعلیٰ سندھ کو معاملہ عدالت کے سامنے رکھنے کا مو قع ملا ہے۔ بلوچستان میں سی پیک کا ڈھنڈورا پیٹا جا رہا ہے وہاں تو پانی نہیں، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے جنوبی علاقوں میں بھی پانی کا مسئلہ ہے، سندھ کیا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی پانی کے بحران کا شکار ہے، دیگر صوبوں نے پینے کے پانی کے مسئلے کا کیا حل نکالا۔ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا ملک کی جمہوریت اور (ن) لیگ کیلئے بہتر ہوگا نوازشریف سیاست سے دور ہوجائیں۔ ہمارا مؤقف رہا ہے خارجہ پالیسی پر (ن) لیگ غیر سنجیدہ رہی، اگر چار سال کوئی وزیر خارجہ نہیں رہا تو خارجہ پالیسی کو نقصان تو پہنچے گا۔ ہم نے دنیا کو نہیں بتایا ہم نے کیا کیا، پاکستان کتنا متاثر ہوا، ہمارا یہ مؤقف دنیا کے سامنے جانا چاہیے۔
بلاول بھٹو