سی پیک نے معاشی و اقتصادی ترقی کی نئی تاریخ رقم کی : شہباز شریف

سی پیک نے معاشی و اقتصادی ترقی کی نئی تاریخ رقم کی : شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اسلام آباد میں چین کے سفارت خانے گئے اور چین کے سفیر یاؤ جنگ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے چین کے سفیر کو گلدستہ پیش کیا اور پاکستان میں تعیناتی پر چین کے سفیر یاؤ جنگ کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ، سی پیک کے منصوبوں اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ چینی سفیریاؤ جنگ نے وزیراعلیٰ پنجاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اور دو طرفہ معاشی تعاون ہر گزرتے لمحے فروغ پا رہا ہے اورپاک چین دوستی کو فروغ دینے میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔چینی سفیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف ویژنری لیڈر ہیں اور’’ پنجاب سپیڈ ‘‘کا اعزاز شہباز شریف کی انتھک محنت اور غیر معمولی کارکردگی کا نتیجہ ہے اور’’پنجاب سپیڈ‘‘ ایک حقیقت بن چکی ہے ۔ ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کے ذریعے بجلی کے منصوبوں کو مکمل کرکے توانائی بحران پر قابو پانے کا کریڈٹ ان کو جاتا ہے۔ چینی سفیر نے کہاکہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کی کارکردگی عوامی امنگوں کے مطابق ہے اور پاک چین دوستی کے فروغ او رسی پیک کے منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے شہبازشریف نے انتھک محنت سے کام کیا ہے اوراس حوالے سے ان کا عزم او رخدمات نا قابل فراموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب میں سی پیک کے منصوبوں کو انتہائی تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان او رچین انتہائی با اعتماد دوست ہیں اور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور دونوں ممالک کی قیادت کے ترقیاتی ویژن کا عکاس ہے اور سی پیک سے پاک چین تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔ چینی سفیر نے وزیر اعلی پنجاب کے عوامی خدمت کے جذبے کی تعریف کی اور کہاکہ حکومت جس انداز سے عوامی خدمت اور معاشی ترقی کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے وہ قابل تحسین ہے اور دونوں ملک اسی جذبے کے ساتھ پیش رفت جاری رکھیں گے۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی دنیا میں امن ، محبت، تعاون اور والہانہ جذبوں کی روشن مثال ہے ۔سی پیک کے عظیم منصوبے نے معاشی و اقتصادی ترقی کی نئی تاریخ رقم کی ہے اورخطے کے دیگر ممالک بھی سی پیک سے مستفید ہو ں گے۔سی پیک سے پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں سی پیک کے تحت منصوبوں کی تیز رفتار اور شفاف تکمیل کی کوئی دوسری مثال موجود نہیں۔چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورنے دونوں ملکوں کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے ۔سی پیک ایک عظیم الشان منصوبہ ہے جس کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ توانائی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل سے پاکستان میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اور سفارتی سطح پر بھی چین پاکستان کیساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہاہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا چین نے مشکل حالات میں پاکستان کا ہاتھ تھام کر سچے دوست کا ثبوت دیاہے۔ پاکستانی قوم چین کا یہ عظیم احسان کبھی نہیں اتار سکتی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چین کے بے پایا ں تعاون او رعظیم سرمایہ کاری پر پوری قوم چین کی قیادت او رعوام کی شکر گزار ہے۔پاکستانی عوام چین کے اس بے مثال تعاون کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اورپاکستان او رچین کی دوستی تا قیامت قائم رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ آپ کے پاکستان میں قیام کے دوران دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقا ت کو مزید فروغ حاصل ہو گا اورباہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پاکستان اور چین کے مابین اعلی سطح پر باہمی رابطوں ، خوشگوار تعلقات اورتجارتی تعاون سے مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت کامیابی سے جاری ہے اور دونوں ملکوں کے عوام کے لئے کاروبار و روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر عوامی جمہوریہ چین کی قیاد ت کے اعتماد اور کمپنیوں کے سربراہان کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔

شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔ اتحاد کی قوت سے سماج دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانا ہے۔ باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ملکرکام کرنا ہوگا۔ ملک کسی صورت انتشار کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتااورہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے ملک کی ترقی کیلئے آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کو ہمیشہ عبادت کا درجہ دیا ہے اورگزشتہ ساڑھے چار برس سے صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے ۔وہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ صوبے کی تیز رفتار ترقی کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی ہے اورصوبے میں شفافیت اور میرٹ کی پالیسی کو فروغ دیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شعبہ میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا ہے۔ کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایا ہے۔پسماندہ علاقوں کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام دیہی علاقوں کی ترقی میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا ہے۔تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں۔پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کامنصوبہ بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کا ذریعہ بنے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام وسائل عوام کی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر صرف کئے جارہے ہیں۔ شہروں کی طرح دیہات کی صفائی کیلئے بھی جامع پروگرام پلان مرتب کیا گیاہے۔عوام کی خدمت بھرپور جذبے سے کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ اول