ریلوے پولیس ملازمین ڈسپلن کو ملحوظ خاطر رکھیں: ڈاکٹر مجیب الرحمٰن

ریلوے پولیس ملازمین ڈسپلن کو ملحوظ خاطر رکھیں: ڈاکٹر مجیب الرحمٰن

لاہور( کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن خان نے ورکشاپس ڈویژن مغلپورہ لاہورمیں اجلاس عام سے خطاب کیا ۔ریلوے پولیس کے چاق و بند دستے نے آئی جی ریلوے کو سلامی دی۔ایس پی ریلوے ورکشاپس ڈویژن راجہ ظہیر ارشد نے سپاس نامہ پیش کیا اور ملازمین کو دوران ڈیوٹی پیش آنے والے مسائل کے بارے میں جناب انسپکٹر جنرل کو آگاہ کیا ۔انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس نے اجلاس عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے پولیس ملازمین کم وسائل کے باوجود اپنی ڈیوٹی احسن طریقے سے سر انجام دے رہے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لئے میں دن رات کوشاں ہوں۔آئی جی ریلوے نے مزید کہا کہ ریلوے پولیس ملازمین ڈسپلن کو ملحوظ خاطر رکھیں،بہتر کا رکردگی کا مظاہرہ کریں اور ریلوے املاک کی حفاظت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ریلوے مسافروں سے خوش اسلوبی سے پیش آئیں اور ان کو ہر ممکن تحفظ فراہم کریں۔بعد ازاں انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس نے ڈویژنل سپرینٹنڈنٹ ورکشاپس سلمان صادق سے ملاقات کی اور ورکشاپس ڈویژن کے سکیورٹی امورکے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید : علاقائی