آتشزدگی کے دو مختلف واقعات‘لاکھوں کا سامان جل کر راک
ھ
لاہور(خبرنگار) صوبائی دارالحکومت میں آتشزدگی کے دو الگ الگ واقعات کے دوران لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی سامان جل کر راکھ ہو گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مغلپورہ کے علاقہ شالیمار لنک روڈ پر ڈینٹل ہسپتال میں گزشتہ صبح سویرے آگ کے شعلے بھڑک اٹھے۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو1122 کی ٹیموں کے پہنچتے پہنچتے ڈینٹل ہسپتال میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا فرنیچر اور دیگر قیمتی سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ تاہم ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے دو گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد آگ کے شعلوں پر قابو پا لیا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے۔دوسری جانب گزشتہ روز صبح سویرے راوی روڈ کی ایک فلور مل میں آگ بھڑک اٹھی۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی پانچ گاڑیوں نے مسلسل چار گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔ فلور مل کے مالک احمد نے پولیس کو بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔تاہم آگ لگنے سے لاکھوں روپے مالیت کی قیمتی مشینری اور آٹے کی درجنوں بوریاں جل کر راکھ ہو گئیں۔