سانحہ ماڈل ٹاؤن،پولیس افسران کومکمل نقول نہ ملنے پر درخواست دائر

سانحہ ماڈل ٹاؤن،پولیس افسران کومکمل نقول نہ ملنے پر درخواست دائر

لاہور(نامہ نگار)انسداددہشت گردی کی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت 12دسمبر تک ملتوی کردی،دوسری جانب عدالت میں ایک بارپھر پولیس افسران کے وکیل برہان معظم ملک نے مکمل نقول نہ ملنے پر درخواست دائر کردی۔انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاون کیس کی سماعت کی جا رہی ہے ،عدالت میں کیس میں نامزد پولیس افسران کو مقدمے کی نقول تقسیم ہونے کے بعد فرد جرم عائد کرنے کے لئے طلب کررکھا تھا لیکن عدالت میں ادارہ منہاج القران کی طرف سے مکمل نقول نہ دینے پر ملزمان کے وکلا ء نے اعتراض اٹھایا کہ ابھی تک نقول مکمل نہیں دی جا سکی ہیں،عدالت میں ڈی آئی جی رانا عبدالجبار،عمر ورک اور دیگرنامزد پولیس افسروں کے وکیل برہان معظم ملک نے ایک بار پھر عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ انہیں نقول پوری نہیں دی گئی ہیں،عدالت نے ادارہ منہاج القران کے وکیل نعیم الدین کو ہدایت کی کہ وکیل صفائی کے اعتراضات کو دور کیا جائے تاہم وکیل صفائی کی مزید نقول مانگنے کی درخواست پر وکلا ء کو آئندہ بحث کے لئے طلب کرلیاہے۔ آئندہ تاریخ پر ملزمان کو نقول مل گئیں تو عدالت ملزمان پر فرد جرم عائد کردے گیاور کیس کی باقاعدہ سماعت شروع ہو جائے گی۔اس کیس میں 124پولیس اہلکاروں اور افسروں کو نا مزد کررکھا ہے جن میں سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا ہائی کورٹ سے حکم امتناعی کی وجہ سے پیش نہیں ہورہے۔

مزید : علاقائی