8ریٹائرڈ ججوں کا پنشنز و بقایا جات نہ ملنے کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع

8ریٹائرڈ ججوں کا پنشنز و بقایا جات نہ ملنے کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع

لاہور(نامہ نگار خصوصی )الیکشن کمشن پاکستان کے رکن الطاف ابراہیم قریشی سمیت لاہور ہائیکورٹ کے 8 ریٹائرڈججوں نے پینشنز اور بقایہ جات نہ ملنے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔اس سلسلے میں دائردرخواست میں اکاؤنٹنٹ جنرل آفس،رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ اور سیکرٹری لاء کو فریق بنایا گیا ہے ۔درخواست دائر کرنے والوں میں جسٹس ریٹائرڈریاض الدین احمد، جسٹس ریٹائرڈسعیدالرحمن فرخ،جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی ،جسٹس ریٹائرڈ منصور احمد، جسٹس ریٹائرڈ شیخ جاوید ،سرفراز جسٹس ریٹائرڈسید اصغر حیدر،جسٹس ریٹائرڈطارق شمیم اور جسٹس ریٹائرڈالطاف ابراہیم قریشی شامل ہیں ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریٹائرڈجج1998 ء سے 2015ء تک لاہور ہائیکورٹ میں بطور جج فرائض سر انجام دیتے رہے۔درخواست گزار ریٹائرڈ ججوں نے درخواست میں کہا ہے کہ اکاؤنٹنٹ جنرل آفس نے 7 ججوں کو ملنے والی پینشن روک دی ہے جبکہ ایک ریٹائرڈ جج کو پینشن دینے سے انکار کر دیا ہے،درخواست میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے احکامات کے باوجود پینشن اور واجبات کی عدم ادائیگیاں نہیں کی جارہیں ،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت اکاؤنٹنٹ جنرل آفس کو پینشن اور دیگر واجبات کی ادائیگی کا حکم دے درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ اے جی آفس کی جانب سے پینشن روکنے کے نوٹیفیکیشن کوکالعدم قرار دیا جائے۔

ہائیکورٹ رجوع

مزید : علاقائی