زراعت بارے حکومتی اقدامات کا شتکاروں کیلئے واضح پیغام ہے :سینیٹر سراج الحق

زراعت بارے حکومتی اقدامات کا شتکاروں کیلئے واضح پیغام ہے :سینیٹر سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

چارسدہ (بیورورپورٹ) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ زراعت کے حوالے سے حکومتی اقدامات کاشتکاروں کیلئے واضح پیغام ہے کہ کاشتکاری بند کریں ۔ گنے کی موجودہ سرکاری نرخ سے کہیں بہتر ہے کہ کا شتکار گنے کا فصل تلف کرکے ضائع کریں۔ وہ چارسدہ میں کاشتکاروں کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے ۔ اس موقع پر ضلعی امیر محمد ریاض خان ، ترجمان نورحسین ، نائب امیر محمد اشفاق خان اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے ۔ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور بیشتر لوگوں کا زریعہ معاش کاشتکاری ہے مگر حکومت صنعت کاروں کو خوش کرنے کیلئے عجیب و غریب فیصلے کر رہے ہیں ۔ صنعت کار کاشتکاروں کا خون چوس رہے ہیں مگرحکومت خاموش تما شائی بن چکی ہے ۔ گزشتہ سال گنے کی قیمت خرید 180روپے فی من جبکہ امسال سرکاری نرخ 165روپے فی من مقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گنے کی فی من پیدوار پر 210روپے خرچہ آتا ہے ۔ایسے حالات میں گنا فروخت کرنے سے بہتر ہے کہ اس کو تلف کرکے ضائع کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کا شتکاروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور حکومت نے پالیسی تبدیل نہ کی تو احتجاجی تحریک سے دریغ نہیں کرینگے ۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ شوگر ملز مالکان نے کرشنگ سیزن ابھی تک شروع نہیں کی جس کی وجہ سے کاشتکارپریشان ہے کیونکہ کاشکار وں نے بر وقت گنے کی فصل کی کٹائی نہ کی تو گندم کی بوائی نہیں ہو سکے گی جس سے کا شتکار وں کا دوہرا نقصان ہو گا۔