پائیدار معاشی ترقی کے حصول کیلئے صنعتوں کو مزید فعال بنا رہے ہیں:عنایت اللہ

پائیدار معاشی ترقی کے حصول کیلئے صنعتوں کو مزید فعال بنا رہے ہیں:عنایت اللہ

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخواکے سینئر وزیر بلدیات ودیہی ترقی عنایت اللہ نے کہاہے کہ صوبائی حکومت پائیدار معاشی ترقی کے حصول کے لئے صنعتوں کو مزید فعال بنانے کے لئے مؤثر اقدامات کررہی ہے تاکہ۔صوبے سے بے روزگاری کے مکمل خاتمے کے ساتھ صوبے کی معاشی ترقی اور خوشحالی کوبھی ممکن بنایا جاسکے۔ یہ بات انہوں نے پیر کے روز پشاورمیں گدون امازئی انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وفد نے صدر فضل رحیم گدون انڈسٹریل ایسوسی ایشن کی قیادت میں سینئر صوبائی وزیر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری صنعت فہیم وزیر، ڈی جی ای پی اے ڈاکٹر بشیر، چیف انسپکٹر لیبر ڈیپارٹمنٹ واجد علی او ر نائب صدر گدون ایسوسی ایشن عمر گل بھی موجود تھے۔ سینئر صوبائی وزیر کو صدر گدون ایسو سی ایشن نے ممبران کے مسائل ومشکلات سے تفصیلی طورپرآگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں خیبرپختونخوا میں پروفیشنل ٹیکس صنعتی اداروں اور ان میں کام کرنے والے غریب مزدور ں کے ساتھ ساتھ باقی تمام ترکاروباری افراد، تاجروں اور پیشہ وارانہ افراد سے بھی وصول کیا جاتاہے جس کی شرح دوسرے صوبوں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے لہٰذاس ٹیکس کو فوری طورختم کیاجائے۔ انہوں نے لیبر کوارٹرز اور فلٹس سے متعلق مسائل کے حل کرنے کی بھی استعدا کی۔ سینئر وزیر نے وفد کے مسائل انتہائی توجہ سے سنیں اور کہا کہ ان کے مسائل جائز ہیں اورا نکے حل کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو محنت کشوں اورمزدروں کے مسائل کا مکمل ادراک ہے اور وہ ان کا ازالہ کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے۔ عنایت اللہ نے کہا کہ حکومت نے عوامی فلاح وبہبود کے لئے پوری شفافیت کے ساتھ عمل درآمد شروع کررکھی ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو زیادہ سے زیادہ شجرکاری کرنے پر زوردیا تاکہ صوبے سے ماحولیاتی آلودگی ختم کی جاسکے۔

مزید : کراچی صفحہ اول